پیپلز پارٹی وفاق کی نمائندہ جماعت سے صوبائی جماعت بن گئی، نئے صوبوں کا قیام اس کے سیاسی وجود کے لیے چیلنج بن رہا ہے، سینئر ایڈووکیٹ امیر معظم

پیپلز پارٹی وفاق کی نمائندہ جماعت سے صوبائی جماعت بن گئی، نئے صوبوں کا قیام اس کے سیاسی وجود کے لیے چیلنج بن رہا ہے، سینئر ایڈووکیٹ امیر معظم

سینئر قانون دان امیر معظم بھٹ نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی مخالفت کے لیے سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 239(4) کا حوالہ دینا درست آئینی استدلال نہیں، کیونکہ مذکورہ آرٹیکل ایک صوبے کی حدود میں تبدیلی سے متعلق ہے، جبکہ ملک بھر میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئین کے آرٹیکل ون میں ترمیم کرنا ہوگی۔ اس مقصد کے لیے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہوگی اور اگر اس عمل کو مزید مستحکم بنانے کے لیے عوام سے براہِ راست رائے لینے کی ضرورت محسوس کی جائے تو ریفرنڈم بھی کرایا جا سکتا ہے۔

آزاد ڈیجیٹل کے پوڈکاسٹ میں میزبان عمران وسیم سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر قانون دان امیر معظم بھٹ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ماضی میں وفاق کی جماعت اور بین الاقوامی سطح پر اثر و رسوخ رکھنے والی سیاسی قوت تھی، تاہم موجودہ زمینی حقائق سے بظاہر یہ ایک صوبائی جماعت بن چکی ہے اور نئے صوبوں کے قیام کی بحث سے اسے اپنے سیاسی وجود کے حوالے سے چیلنجز محسوس ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو تو آئین اور پارلیمانی بالادستی کی سب سے بڑی حامی ہونا چاہیے، کیونکہ 1973ء کے آئین کی تشکیل اور پارلیمانی بالادستی کے تصور کا کریڈٹ بھی اسی جماعت کو جاتا ہے۔

انہوں نے سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کے خط پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریفرنڈم کی مخالفت یا آئین میں موجود ریفرنڈم کی شق کے تحت عوام سے رائے لینے کی تجویز کو قابلِ مذمت قرار دینا درست نہیں۔ آئین کوئی جامد دستاویز نہیں بلکہ ارتقا پذیر آئین ہے اور وقت کے ساتھ پیدا ہونے والے معاملات کے مطابق آئینی فیصلوں اور اصلاحات کی ضرورت رہتی ہے۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم بھی ایک اہم اقدام تھا اور اس کے بعد ہونے والے اقدامات نے مزید کئی معاملات کو جنم دیا۔

امیر معظم بھٹ نے کہا کہ رضا ربانی نے اپنے خط میں آرٹیکل 239(4) کا حوالہ دیا ہے، جس کے مطابق کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی سے متعلق آئینی ترمیم اس وقت تک صدر کو منظوری کے لیے پیش نہیں کی جا سکتی جب تک متعلقہ صوبائی اسمبلی دو تہائی اکثریت سے اس کی منظوری نہ دے دے۔ تاہم اس شق میں ایک صوبے کی حدود میں تبدیلی کا ذکر ہے، تمام صوبوں کی حدود میں مجموعی تبدیلی یا پورے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ کار اس میں بیان نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں :کوئی کچھ بھی کر لے نئے صوبوں کی تحریک سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ، نئے صوبے ہماری نسلوں کی بقا کا معاملہ ،ہماری لائف لائن ہیں،مصطفی کمال

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو سمجھنے کے لیے آئین کے آرٹیکل ون کو دیکھنا ضروری ہے، جس میں پاکستان کی سرزمین اور اس میں شامل صوبوں کی وضاحت کی گئی ہے۔ اس آرٹیکل کے تحت بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ پاکستان کے صوبے ہیں، جبکہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور دیگر متعلقہ علاقوں کا بھی ذکر موجود ہے۔ اگر ملک میں نئے صوبے قائم کرنے ہیں تو پاکستان کی سرزمین اور صوبوں کی آئینی تعریف میں تبدیلی کرنا ہوگی، جس کے لیے آرٹیکل ون میں ترمیم ضروری ہے۔ اس آئینی ترمیم کے لیے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر پارلیمنٹ آئینی ترمیم کے ذریعے نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ کرتی ہے تو یہ ایک آئینی راستہ ہے، تاہم اگر اس فیصلے کو مزید مستحکم بنانے اور عوام کی براہِ راست تائید حاصل کرنے کے لیے ریفرنڈم کرایا جاتا ہے تو اس میں بھی کوئی آئینی قباحت نہیں۔ عوام اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے اپنی مرضی کا اظہار کرتے ہیں، لیکن ریفرنڈم میں براہِ راست عوام سے فیصلہ لیا جاتا ہے، اس لیے اسے آئینی نظام سے متصادم قرار نہیں دیا جا سکتا۔

امیر معظم بھٹ نے کہا کہ اس معاملے میں صرف آرٹیکل 239(4) کو الگ کرکے نہیں پڑھا جا سکتا بلکہ آئین کے آرٹیکل ون، آرٹیکل 48، آئین کے دیباچے اور آرٹیکل 2-A کو بھی مجموعی طور پر دیکھنا ہوگا۔ ان تمام آئینی دفعات کو ایک ساتھ پڑھنے سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کے عوام اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے اپنی مرضی کا اظہار کرتے ہیں، تاہم ریفرنڈم کی صورت میں عوام سے براہِ راست رائے بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان کے بقول رضا ربانی کا استدلال ان تمام آئینی پہلوؤں کا احاطہ نہیں کرتا۔

وفاقی آئینی عدالت کے حوالے سے خدشات پر جواب

سینئر قانون دان نے رضا ربانی کے اس خدشے پر بھی اظہارِ خیال کیا کہ اگر ریفرنڈم میں عوام نئے صوبوں کے قیام کے حق میں فیصلہ دے دیتے ہیں تو معاملہ وفاقی آئینی عدالت میں جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت آئین میں اپنی طرف سے کوئی نیا لفظ، عبارت، کاما یا فل اسٹاپ شامل نہیں کر سکتی اور بظاہر ایسی کوئی صورتِ حال بھی نظر نہیں آتی کہ عدالت آئین میں نئی عبارت شامل کرے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی سیاسی فریق کو اپنے آئینی مؤقف پر اعتماد ہے تو وہ آئینی سوال اٹھا کر عدالت سے رجوع کر سکتا ہے، لیکن ریفرنڈم کی تجویز کو پہلے ہی عدالت سے جوڑ کر خدشات پیدا کرنا مناسب نہیں۔ پاکستان میں 1935ء کے ایکٹ، مولوی تمیز الدین کیس اور اس کے بعد مختلف آئینی ادوار میں عدالتی اختیارات اور آئینی تشریح کے حوالے سے متعدد فیصلے سامنے آ چکے ہیں۔ عدالتوں کو عدالتی نظرثانی اور قانونی تشریح کا اختیار حاصل ہے، تاہم نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بنیادی بحث پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے۔

امیر معظم بھٹ نے کہا کہ آئین نے اس معاملے کے لیے راستہ فراہم کیا ہے۔ نئے صوبوں کی تجویز پارلیمنٹ میں پیش کی جائے، اس پر بحث ہو، تمام نکات واضح کیے جائیں اور سوالات کے جواب دیے جائیں، پھر آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔ ان کے مطابق بعض سیاسی حلقے پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بحث کرنے کے بجائے اسے پارلیمنٹ سے باہر سیاسی تنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہ طرزِ عمل سیاسی اسکورنگ کے مترادف ہے۔

ریفرنڈم سے پہلے پارلیمنٹ میں فیصلہ ضروری ہے

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے میں ریفرنڈم پہلا مرحلہ نہیں بلکہ دوسرا مرحلہ ہے۔ سب سے پہلے یہ تجویز پارلیمنٹ میں پیش ہونی چاہیے، مشترکہ اجلاس میں اس پر بحث ہونی چاہیے اور عوام کے منتخب نمائندوں کو فیصلہ کرنا چاہیے کہ نئے صوبے بننے چاہئیں یا نہیں اور آیا اس معاملے پر ریفرنڈم کرایا جانا چاہیے یا نہیں۔

ان کے مطابق اگر پارلیمنٹ اس تجویز کو مسترد کر دیتی ہے تو عوام کے پاس جانے کی ضرورت ہی باقی نہیں رہتی، اس لیے ریفرنڈم کی مخالفت کرنے والے حلقوں سے یہ سوال بنتا ہے کہ وہ ابھی سے اس معاملے پر خدشات کیوں ظاہر کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم میں کوئی آئینی رکاوٹ نہیں، بہتر گورننس کے لیے نئے صوبے بننا ضروری ہیں، بیرسٹر عقیل ملک

امیر معظم بھٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی مخالفت کی ایک سیاسی وجہ بھی ہو سکتی ہے۔ ان کے بقول پیپلز پارٹی ماضی میں وفاق کی جماعت تھی اور اس کا بین الاقوامی سطح پر بھی اثر و رسوخ تھا، لیکن موجودہ زمینی حقائق سے بظاہر یہ ایک صوبائی جماعت بن چکی ہے۔ ایسی صورتِ حال میں اسے اپنے سیاسی وجود اور مستقبل کے حوالے سے چیلنجز محسوس ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اخلاقیات کا تقاضا ہے کہ پیپلز پارٹی کو آئین کی حمایت اور پارلیمانی بالادستی کے لیے سب سے آگے ہونا چاہیے، کیونکہ 1973ء کے آئین کی تشکیل کا کریڈٹ اسی جماعت کو جاتا ہے۔ پارلیمانی بالادستی کا تصور بھی پیپلز پارٹی کے سیاسی مؤقف کا اہم حصہ رہا ہے، اس لیے اسے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر پارلیمنٹ میں کھل کر بحث کرنی چاہیے۔

انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت قائم ہونے والی اسمبلی نے کئی بڑے قومی فیصلے کیے۔ قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کا فیصلہ بھی پارلیمنٹ نے کیا تھا۔ ایسے اہم قومی معاملات پارلیمنٹ کے فلور پر آئین کی روح کے مطابق طے کیے جاتے ہیں، اس لیے نئے صوبوں کے معاملے کو بھی پارلیمنٹ میں زیرِ بحث لانا چاہیے۔

نئے صوبوں کے قیام پر پہلے بنیادی سوال کا فیصلہ کیا جائے

امیر معظم بھٹ نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے میں سب سے پہلے یہ طے ہونا چاہیے کہ پاکستان میں نئے صوبے بنانے کی ضرورت ہے یا نہیں۔ ابھی بنیادی سوال کا جواب تلاش کرنے کے بجائے سیاسی حلقے اس بحث کو اگلے مراحل تک لے جا رہے ہیں کہ کون سا صوبہ بنے گا اور اس کے لیے کون سا طریقہ اختیار کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ یہ فیصلہ کرتی ہے کہ نئے صوبے نہیں بنانے تو پھر اس کے بعد طریقہ کار پر بحث کی ضرورت نہیں رہے گی، لیکن اگر نئے صوبوں کے قیام پر اتفاق ہو جاتا ہے تو پھر یہ طے کیا جا سکتا ہے کہ اسمبلی سے قرارداد منظور کرائی جائے، آئینی ترمیم لائی جائے یا ضرورت کے مطابق ریفرنڈم کا راستہ اختیار کیا جائے۔

ان کے مطابق چونکہ معاملہ پورے پاکستان کے انتظامی اور آئینی ڈھانچے سے متعلق ہے، اس لیے آرٹیکل ون میں ترمیم کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔ اگر کسی ایک صوبے کی حدود میں تبدیلی ہو تو آرٹیکل 239(4) لاگو ہوگا، لیکن پورے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے آرٹیکل ون میں ترمیم کرنا ہوگی۔

صرف پنجاب میں نئے صوبوں کی بات کیوں کی جاتی ہے؟

امیر معظم بھٹ نے کہا کہ بعض سیاسی حلقے نئے صوبوں کے قیام کی بات کرتے ہوئے صرف پنجاب کو موضوع بناتے ہیں اور سندھ سمیت دیگر صوبوں کے حوالے سے اسی نوعیت کی بحث سے گریز کرتے ہیں۔ پنجاب کی آبادی ملک کی مجموعی آبادی کا 52 سے 54 فیصد سے زیادہ ہے، اس لیے وہ آبادی کے تناسب سے دوسرے صوبوں کے مقابلے میں زیادہ سیاسی اثر و رسوخ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض حلقوں کا مؤقف یہ ہوتا ہے کہ پنجاب میں نئے صوبے بننے چاہئیں، لیکن جب دوسرے صوبوں کی بات آتی ہے تو وہ اس کی مخالفت کرتے ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے میں امتیازی رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے بلکہ پورے پاکستان کے لیے یکساں اور غیر امتیازی پالیسی اپنانی چاہیے تاکہ تمام صوبوں کو برابر کی بنیاد پر دیکھا جا سکے۔

ان کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کا بنیادی مقصد بہتر طرزِ حکمرانی، انتظامی سہولت اور عوام کو حکومتی خدمات کی بہتر فراہمی ہونا چاہیے۔ اس لیے اگر نئے انتظامی یونٹس بنائے جاتے ہیں تو ان کا فیصلہ کسی ایک صوبے کو سامنے رکھ کر نہیں بلکہ پورے ملک کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ہونا چاہیے۔

بے نظیر بھٹو 100 انتظامی یونٹس بنانے کی بات کرتی تھیں

سینئر قانون دان نے کہا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی بات پاکستان کی سیاسی تاریخ میں نئی نہیں۔ محترمہ بے نظیر بھٹو بھی ملک میں 100 انتظامی یونٹس بنانے کی بات کر چکی تھیں۔ اسی طرح مسلم لیگ (ن) کی سیاست اور حکومت کے دوران بھی صوبوں کی تقسیم کے حوالے سے بات سامنے آتی رہی ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے بھی مختلف اوقات میں نئے صوبوں کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :مہنگائی سے نجات اور سستے انصاف کی فراہمی، گوجرانوالہ کے عوام نے نئے صوبے کے قیام کو ناگزیر قرار دیدیا

انہوں نے کہا کہ جب ملک کی بڑی سیاسی جماعتیں کئی دہائیوں سے صوبوں کی تقسیم اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر بات کرتی رہی ہیں تو اب عملی طور پر اس معاملے پر غور کرنے کا وقت آیا ہے تو کسی ایک صوبے کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔

ان کے مطابق تمام صوبوں کو ایک ہی پالیسی کے تحت دیکھنا ہوگا اور انتظامی بہتری کے لیے یکساں اصول اپنانے ہوں گے۔ نئے صوبوں کے قیام کا مقصد کسی سیاسی جماعت کو فائدہ یا نقصان پہنچانا نہیں بلکہ ملک میں بہتر حکمرانی کا نظام قائم کرنا ہونا چاہیے۔

آئین میں اتفاقِ رائے یا دو تہائی اکثریت کی شرط؟

پوڈکاسٹ کے دوران میزبان عمران وسیم نے سوال کیا کہ 1973ء کا آئین تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاقِ رائے سے بنایا گیا تھا، اس لیے بعض ماہرین کا خیال ہے کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کا فیصلہ بھی تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاق سے ہونا چاہیے۔ کیا آئین اتفاقِ رائے کی شرط عائد کرتا ہے یا دو تہائی اکثریت کافی ہے؟

امیر معظم بھٹ نے جواب دیا کہ اتفاقِ رائے یقیناً بہتر صورتِ حال ہے، لیکن آئین میں جہاں دو تہائی اکثریت کی شرط مقرر ہے، وہاں یہی آئینی معیار ہے۔ اگر تمام جماعتیں متفق ہو جائیں تو یہ مزید اچھی بات ہوگی، تاہم آئینی طریقہ کار کے تحت دو تہائی اکثریت سے بھی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے دوبارہ فاٹا اور پاٹا کے انضمام کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں بھی پارلیمنٹ نے فیصلہ کیا تھا۔ قبائلی علاقوں کے انضمام کے لیے آئین کے آرٹیکل 247 سمیت متعلقہ آئینی معاملات کو سامنے رکھا گیا، پارلیمانی سطح پر انتظام کیا گیا، عدالتوں میں بھی معاملات گئے اور اختیارات صوبے کو منتقل کیے گئے۔ اس کے نتیجے میں سابق قبائلی علاقے خیبر پختونخوا کا حصہ بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ جب ماضی میں پارلیمنٹ کے ذریعے فاٹا اور پاٹا کا انضمام ممکن ہوا تو نئے صوبوں کے قیام کے لیے بھی آئینی راستہ موجود ہے۔ اس معاملے کو غیر ضروری طور پر پیچیدہ بنانے کے بجائے پارلیمنٹ میں اس پر بحث ہونی چاہیے۔

رضا ربانی کا خط نامکمل آئینی استدلال پر مبنی ہے

گفتگو کے اختتام پر میزبان عمران وسیم نے امیر معظم بھٹ سے پوچھا کہ کیا وہ رضا ربانی کے خط میں دیے گئے دلائل کو آئین کی روشنی میں مسترد کر رہے ہیں اور کیا ان کے خیال میں یہ مؤقف نامکمل اور غیر جامع ہے؟

اس پر امیر معظم بھٹ نے کہا کہ رضا ربانی نے اپنے خط میں آئین کے آرٹیکل ون کو زیرِ بحث نہیں لایا، حالانکہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے میں بنیادی اہمیت اسی آرٹیکل کی ہے۔ اگر پاکستان کی سرزمین اور صوبوں کی آئینی تعریف میں تبدیلی کرنا ہے تو اس کے لیے آرٹیکل ون میں ترمیم کرنا ہوگی، جس کا طریقہ کار بھی آئین میں موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں :مہنگائی سے نجات اور سستے انصاف کی فراہمی، گوجرانوالہ کے عوام نے نئے صوبے کے قیام کو ناگزیر قرار دیدیا

انہوں نے کہا کہ رضا ربانی نے جس آرٹیکل 239(4) پر انحصار کیا ہے، وہ ایک صوبے کی حدود میں تبدیلی سے متعلق ہے، جبکہ موجودہ تجویز میں تمام صوبوں اور پورے ملک کے انتظامی ڈھانچے کی بات ہو رہی ہے۔ اس لیے ایک صوبے سے متعلق آئینی شق کو پورے ملک میں نئے صوبوں کے قیام پر لاگو کرنا درست نہیں۔

ان کے مطابق اگر اس معاملے کو سیاسی تلخی اور غیر ضروری تنازع سے نکال کر آئینی بنیادوں پر دیکھا جائے تو اصل سوال یہی سامنے آتا ہے کہ پاکستان میں نئے صوبے بنانے چاہئیں یا نہیں۔ اگر اس بنیادی سوال پر اتفاق ہو جائے تو اس کے بعد آئینی طریقہ کار اور ریفرنڈم سمیت تمام آپشنز پر بات کی جا سکتی ہےانہوں نے کہا کہ قومی مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کو بیٹھ کر اس معاملے پر بات کرنی چاہیے تاکہ اتفاقِ رائے پیدا ہو اور ملک میں انتظامی بہتری کے لیے کوئی متفقہ راستہ اختیار کیا جا سکے۔

فاٹا اور پاٹا کا انضمام پیپلز پارٹی کا اپنا اقدام تھا

امیر معظم  نے گفتگو کے آخری حصے میں میزبان عمران وسیم کو مخاطب کرتے ہوئے خصوصی طور پر کہا کہ فاٹا اور پاٹا کا انضمام کس کا اقدام تھا، یہ پیپلز پارٹی ہی کا اقدام تھا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس عمل میں خود شامل تھی اور اس کا آغاز بھی اسی جماعت کی جانب سے کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم اور اس کے بعد ہونے والے اقدامات کا کریڈٹ بھی ان سیاسی قوتوں کو جاتا ہے جنہوں نے یہ عمل آگے بڑھایا۔ جب ماضی میں فاٹا اور پاٹا کے انضمام کے لیے آئینی اور انتظامی تبدیلیاں درست سمجھی گئیں تو اب نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر اسی نوعیت کی آئینی بحث کی مخالفت کیوں کی جا رہی ہے؟

ان کے مطابق جو بات کل درست تھی وہ آج غلط کیسے ہو سکتی ہے، خصوصاً جب ماضی کے اقدامات ہی مستقبل کی آئینی اور انتظامی اصلاحات کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ جس طرح عمارت کی تعمیر کے لیے پہلے بنیاد رکھی جاتی ہے اور پھر اس پر عمارت کھڑی کی جاتی ہے، اسی طرح ملک میں انتظامی اور آئینی اصلاحات بھی پہلے سے موجود بنیادوں پر آگے بڑھنی چاہئیں۔

 

 

editor

Related Articles