مریم نواز نے عوام کا دل جیت لیا، بڑی خوشخبری سنا دی

مریم نواز نے عوام کا دل جیت لیا، بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور میں دل کے مریضوں کے لیے ایک بڑی طبی سہولت کا آغاز ہوگیا ہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا افتتاح کردیا جہاں ہارٹ ٹرانسپلانٹ سمیت دل کے پیچیدہ امراض کے علاج کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ پنجاب کے عوام کو ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہارٹ ٹرانسپلانٹ ایک انتہائی مہنگا علاج ہے جس کے کم از کم اخراجات تقریباً 50 ہزار ڈالر تک پہنچتے ہیں، اسی لیے حکومت پنجاب نے اس مقصد کے لیے خصوصی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق حکومت پنجاب ہر مستحق مریض کے ہارٹ ٹرانسپلانٹ کے لیے 50 ہزار ڈالر تک کے اخراجات خود برداشت کرے گی، تاکہ مالی مشکلات کے باعث کسی مریض کو اس اہم علاج سے محروم نہ ہونا پڑے۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا عمل شروع کیا جا رہا ہے اور پنجاب کے عوام کو امراض قلب کا مفت علاج فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت سے بڑی کوئی نعمت نہیں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو معیاری علاج ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرے۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف پھر ایکشن میں، ن لیگ میں خوشی کی لہر

16 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی 250 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال ہے۔ یہاں ہائبرڈ کیتھ لیب، ایم آر آئی، ماڈیولر آپریشن تھیٹرز، کارڈیک وارڈز، پیتھالوجی اور ریڈیالوجی لیبارٹریز، آئی سی یو اور ایمرجنسی سمیت جدید طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے ہارٹ ٹرانسپلانٹ سینٹر، انجیو سوئٹ، ڈائیگناسٹک روم، او پی ڈی اور دیگر شعبوں کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے ماڈیولر آپریشن تھیٹر میں جدید طبی آلات کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

تقریب میں عالمی شہرت یافتہ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر حسنات خان کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ ڈاکٹر حسنات خان نے پاکستان میں طبی خدمات انجام دینے اور جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹرز و طبی عملے کی تربیت میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ اس تاثر کو ختم کرنا ہوگا کہ بہترین علاج کے لیے پاکستانی شہریوں کو بیرون ملک جانا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق جدید مشینری، ماہر ڈاکٹرز اور عالمی معیار کے طبی نظام کے ذریعے پاکستان میں ہی پیچیدہ بیماریوں کا علاج ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے طبی عملے کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کی خدمت کو ذمہ داری اور امانت سمجھ کر انجام دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد صرف ہسپتال بنانا نہیں بلکہ ایسے نظام کی فراہمی ہے جہاں عام شہری کو علاج کے لیے مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نئے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کو پنجاب میں امراض قلب کے علاج کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مفت ہارٹ ٹرانسپلانٹ اور 50 ہزار ڈالر تک کے اخراجات حکومت کی جانب سے برداشت کرنے کا اعلان اس منصوبے کو عوام کے لیے خصوصی طور پر اہم بنا دیتا ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles