پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے، جس پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو واقعے کی فوری اور جامع تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نومولود بچوں کی جانوں کے ضیاع کا یہ سانحہ انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ تلافی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آتشزدگی کے محرکات اور غفلت کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تحقیقات کے ذریعے ذمہ دار افراد کا تعین کیا جائے اور اگر کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوتی ہے تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے جاں بحق نومولود بچوں کے والدین اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس المناک سانحے پر شدید رنجیدہ ہیں اور غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کے والدین اور دیگر اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
پمز ہسپتال میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کے بعد آتشزدگی کی وجوہات اور ہسپتال میں موجود حفاظتی انتظامات سے متعلق تحقیقات کا آغاز کیے جانے کا امکان ہے