نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے ایوان میں اپنے پہلے خطاب میں خطے میں عوامی سہولیات کی بہتری اور انتظامی اصلاحات کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں ویسی ہی تبدیلی لانے کی کوشش کی جائے گی جیسی پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعارف کرائی ہے۔
اپنے خطاب میں افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر ایک چھوٹا سا خطہ ہے، اس کے باوجود عوام کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
نومنتخب وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حالات بہتری کی جانب لے جائے جائیں گے، جبکہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے ڈیجیٹل سٹیزن پورٹل بھی لانچ کیا جائے گا تاکہ شہری اپنی شکایات براہِ راست متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں۔
افتخار گیلانی نے پاکستان اور کشمیر کے باہمی تعلق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کے بغیر ادھورا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی بدولت کشمیری سکون کی نیند سوتے ہیں اور وہ افواجِ پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شکر گزار ہیں۔
نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے پہلے خطاب میں بھارتی اقدامات کی بھی مذمت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ محض قانون سازی کے ذریعے کشمیر کو بھارت کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔
افتخار گیلانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت آزاد کشمیر میں عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی بہتری اور انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔