بھارت کی معروف اداکارہ شہناز گل کو دوران پرواز خراب موسم کے باعث خوفناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق شہناز گل اپنے بھائی شہباز کے ہمراہ سفر کررہی تھیں کہ دوران پرواز موسم خراب ہونے کے باعث طیارے کو شدید ہچکولے کھانے پڑے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق طیارے کے ہچکولے کھانے پر شہناز گل سمیت دیگر مسافروں میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا۔ وائرل ویڈیو میں اداکارہ کو طیارے کی لینڈنگ کے دوران دعائیں کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
جیسے ہی طیارہ رن وے کی جانب اترنا شروع ہوا، شہناز گل نے اس کے بحفاظت زمین پر اترنے کی دعا کی۔ کچھ دیر بعد طیارہ بحفاظت لینڈ کرگیا، جس کے بعد اداکارہ اور دیگر مسافروں نے سکون کا سانس لیا۔
شہناز گل نے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ بہت مشکل سے اس صورتحال سے نکلیں اور طیارے کے بحفاظت اترنے پر اللہ کا شکر ادا کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ ممبئی ایئرپورٹ پر اتریں، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ انہوں نے پرواز کہاں سے شروع کی تھی۔ شہناز گل کو حالیہ عرصے میں پنجابی فلموں ’عشق نامہ‘ اور ’سنگ ورس کور 2‘ میں دیکھا گیا، جن میں اداکار گپی گریوال نے بھی اہم کردار ادا کیے ہیں۔