30 ڈالر میں خریدی گئی پینٹنگ نے قسمت بدل دی، قیمت 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر تک متوقع

30 ڈالر میں خریدی گئی پینٹنگ نے قسمت بدل دی، قیمت 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر تک متوقع

امریکا میں ایک شخص نے محض 30 ڈالر میں ایک پرانی پینٹنگ خریدی، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ یہ معمولی نظر آنے والا فن پارہ معروف امریکی فنکارہ جرٹروڈ ابرکرومبی کی تخلیق ہے اور اب اس کی نیلامی میں قیمت 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر تک پہنچنے کی توقع کی جارہی ہے۔

یہ دلچسپ دریافت مشی گن میں منعقد ہونے والی ایک اسٹیٹ سیل سے ہوئی، جہاں ایک شخص نے یہ پینٹنگ محض 30 ڈالر میں خریدی تھی۔

خریدار نے گھر لے جانے کے بعد پینٹنگ کا بغور جائزہ لیا تو اس کے نچلے بائیں کونے میں’ ابرکرومبی، 51‘ کے الفاظ اور ایک تاریخ درج نظر آئی۔یہ تحریر دیکھ کر اسے شبہ ہوا کہ شاید یہ پینٹنگ معروف شکاگو کی سرریئلسٹ فنکارہ جرٹروڈ ابرکرومبی کا کام ہے۔ تاہم صرف نام دیکھ کر یقین کرنا ممکن نہیں تھا، اس لیے خریدار نے مزید تحقیق شروع کردی۔

یہ بھی پڑھیں:ایک پہاڑ پر3 جادوئی جھیلیں، پانی کا رنگ بار بار کیوں بدلتا ہے

خریدار کا شک اس وقت یقین میں بدل گیا جب اسے ملواکی میں منعقد ہونے والی نمائش ’جرٹروڈ ابرکرومبی‘’’ دی ہول ورلڈ اِز اے مسٹری‘‘ میں اسی پینٹنگ کی ایک تصویر نظر آئی۔ خاص بات یہ تھی کہ نمائش میں موجود تصویر میں پینٹنگ کو اسی اصل فریم کے ساتھ دکھایا گیا تھا جس میں خریدار نے اسے اسٹیٹ سیل سے خریدا تھا۔ یوں صرف 30 ڈالر میں خریدی گئی ایک بظاہر عام پینٹنگ ایک اہم فن پارے کے طور پر سامنے آگئی۔

ماہرین کے مطابق اس فن پارے کی نیلامی میں قیمت 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ یہ واقعہ اس بات کی ایک دلچسپ مثال ہے کہ پرانی اشیا کی خریداری کے دوران کبھی کبھار معمولی نظر آنے والی چیز بھی غیر معمولی تاریخی یا مالی قدر رکھ سکتی ہے۔

editor

Related Articles