فلم ورنہ میں کرینہ کپور کی انٹری کیوں نہ ہوسکی؟ ہارون شاہد نے بتادیا

فلم ورنہ میں کرینہ کپور کی انٹری کیوں نہ ہوسکی؟ ہارون شاہد نے بتادیا

پاکستانی اداکار اور گلوکار ہارون شاہد نے اپنی پہلی فلم ورنہ سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فلم میں ماہرہ خان سے پہلے بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کو مرکزی کردار کے لیے زیر غور لایا گیا تھا۔

ہارون شاہد نے یہ انکشاف معروف میزبان وصی شاہ کے پروگرام زبردست میں گفتگو کے دوران کیا۔ ہارون شاہد کے مطابق فلم کے ہدایت کار شعیب منصور نے کرینہ کپور سے فلم میں کام کرنے کے حوالے سے بات کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت شعیب منصور کے بھارت میں بھی اچھے روابط تھے اور ان کی فلمیں بول اور خدا کے لیے وہاں خاصی مقبول ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:صبا قمر کا ماضی کی محبت سے متعلق دلچسپ انکشاف

ہارون شاہد نے کہا کہ شعیب منصور کی کرینہ کپور سے فلم میں کام کرنے کے حوالے سے بات چیت آگے بڑھ چکی تھی، تاہم اس وقت اداکارہ اپنے بچے کی پیدائش کی توقع کر رہی تھیں، جس کے باعث وہ فلم کا حصہ نہ بن سکیں۔

ہارون شاہد کے مطابق کرینہ کپور کے فلم سے الگ ہونے کے بعد شعیب منصور نے انہیں بتایا کہ کرینہ فلم نہیں کرسکتیں، تاہم ماہرہ خان کو مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کیا جاسکتا ہے۔ اداکار نے کہا کہ وہ ماہرہ خان کے انتخاب پر خوش تھے کیونکہ دونوں اداکارائیں اپنے اپنے مقام پر بڑی اسٹارز تھیں۔

ہارون شاہد نے فلم کی شوٹنگ کے دوران ماہرہ خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان نے فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ وہ نہایت عاجز اور محنتی ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا ایک خوشگوار تجربہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں:کترینہ کیف کی باڈی شیمنگ پر سلمان خان بھی بول پڑے، ٹرولرز کو کھری کھری سنا دیں

جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں دوبارہ انتخاب کا موقع ملے تو وہ کرینہ کپور اور ماہرہ خان میں سے کس کے ساتھ کام کرنا پسند کریں گے تو ہارون شاہد نے واضح کیا کہ وہ ماہرہ خان کو ترجیح دیں گے۔ان کے مطابق وہ ماہرہ خان کے ساتھ ایک سے زیادہ منصوبوں میں کام کرچکے ہیں، اسی لیے ان کی پسند ماہرہ خان ہی ہیں۔ ہارون شاہد نے 2017 میں فلم ورنہ کے ذریعے اداکاری کا آغاز کیا تھا، جس میں ان کے ساتھ ماہرہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

 

editor

Related Articles