اے آئی استعمال کرنے والے سرکاری ملازمین کے لیے نئی سائبر سکیورٹی ہدایات جاری

اے آئی استعمال کرنے والے سرکاری ملازمین کے لیے نئی سائبر سکیورٹی ہدایات جاری

پاکستان میں سرکاری ملازمین کے لیے اے آئی ٹولز کے استعمال سے متعلق نئی سائبر سکیورٹی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، جن کے تحت سرکاری اور حساس معلومات کو پبلک اے آئی پلیٹ فارمز پر اپ لوڈ کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم، نیشنل سرٹ نے نیشنل سائبر سکیورٹی ہینڈ بک 2026 سے 2027 جاری کی ہے، جس میں سرکاری اداروں کے لیے سائبر سکیورٹی اور اے آئی کے محفوظ استعمال سے متعلق رہنما اصول شامل ہیں۔ یہ ہینڈ بک پاکستان انفارمیشن سکیورٹی فریم ورک 2026 اور دیگر متعلقہ سائبر سکیورٹی پالیسیوں کی ضروریات کو عملی ہدایات میں تبدیل کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ نے چیٹ کو مزید خوبصورت بنا دیا، نئے تھیمز اور وال پیپرز متعارف

اے آئی پر سرکاری معلومات شیئر کرنے پر پابندی

ہدایات کے مطابق سرکاری ملازمین پبلک اے آئی ٹولز پر کلاسیفائیڈ دستاویزات، حساس سرکاری معلومات، سرکاری ای میلز اور سافٹ ویئر کا سورس کوڈ شیئر نہیں کرسکیں گے۔ شہریوں کی ذاتی معلومات کو بھی پبلک اے آئی پلیٹ فارمز پر اپ لوڈ کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ نیشنل سرٹ کے مطابق حساس معلومات اے آئی پلیٹ فارمز میں شامل کرنے سے ڈیٹا لیک اور غیر مجاز استعمال کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔

صرف منظور شدہ اے آئی ٹولز استعمال کرنے کی ہدایت

سرکاری اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری کام کے لیے صرف اپنے متعلقہ محکمے کی جانب سے منظور شدہ اے آئی ٹولز اور پلیٹ فارمز استعمال کریں۔ اے آئی ٹولز میں کسی فائل یا پرامپٹ کو شامل کرنے سے پہلے نام اور دیگر حساس معلومات ہٹانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اگر کسی حساس یا خفیہ معلومات کے حادثاتی طور پر افشا ہونے کا خدشہ ہو تو متعلقہ آئی ٹی یا سائبر سکیورٹی ٹیم کو فوری اطلاع دینا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ کا زبردست نیا فیچر،ٹائپنگ کی جھنجھٹ ختم

پاس ورڈ اور اے پی آئی کیز بھی شیئر نہیں کی جاسکیں گی

نئی ہدایات میں سرکاری ملازمین کو اے آئی ٹولز پر پاس ورڈز، انتظامی لاگ اِن تفصیلات اور اے پی آئی کیز شیئر کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ اسی طرح سرکاری ڈیوائسز پر غیر منظور شدہ اے آئی ایکسٹینشنز اور پلگ اِنز کی تنصیب بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

اے آئی سے تیار مواد کی انسانی جانچ لازمی

سرکاری امور میں اے آئی سے تیار کردہ مواد استعمال کرنے سے پہلے اس کی درستگی، سکیورٹی اور رازداری کی جانچ کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ہدایات کے مطابق اے آئی سے تیار کردہ مواد کو انسانی نگرانی کے بغیر سرکاری امور میں استعمال نہیں کیا جائے گا۔ نیشنل سرٹ کی جانب سے جاری ہینڈ بک کا مقصد سرکاری اداروں میں حساس معلومات کے تحفظ، سائبر خطرات میں کمی اور اے آئی کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانا ہے۔

editor

Related Articles