گوگل کروم صارفین کے لیے ایک ایسا نیا فیچر متعارف کرا رہا ہے جو مختلف ڈیوائسز کے درمیان ویب براؤزنگ کا تجربہ مزید آسان بنا دے گا۔
اس فیچر کی مدد سے صارفین ایک ڈیوائس پر کھلی کروم ٹیب کو دوسری ڈیوائس پر منتقل کرنے کے بعد ویب پیج کو عین اسی جگہ سے کھول سکیں گے جہاں انہوں نے پہلی ڈیوائس پر اسے چھوڑا تھا۔
طویل مضامین پڑھنے والوں کے لیے خاصا مفید فیچر
اس سے قبل جب صارف کسی ویب پیج کو ایک ڈیوائس سے دوسری ڈیوائس پر منتقل کرکے کھولتا تھا تو عموماً صفحہ دوبارہ شروع سے ظاہر ہوتا تھا، جس کے باعث طویل مضمون یا ویب پیج میں مطلوبہ مقام تلاش کرنا پڑتا تھا۔
نئے فیچر کے بعد کروم پہلی ڈیوائس پر صارف کی اسکرول پوزیشن محفوظ کرے گا اور دوسری ڈیوائس پر پیج اسی مقام سے کھولے گا۔ مثلاً اگر آپ اسمارٹ فون پر کوئی طویل مضمون پڑھ رہے ہیں اور اسے درمیان میں چھوڑ کر کمپیوٹر پر منتقل کرتے ہیں تو کمپیوٹر پر وہی مضمون دوبارہ شروع سے کھولنے کے بجائے اسی مقام سے جاری کیا جاسکے گا جہاں آپ نے فون پر اسے چھوڑا تھا۔
ادھورے فارمز بھی محفوظ رہیں گے
کروم کے اس فیچر میں صرف اسکرول پوزیشن ہی محفوظ نہیں ہوگی بلکہ بعض صورتوں میں ویب پیج پر جزوی طور پر پُر کیے گئے فارمز کی معلومات بھی برقرار رہیں گی، چاہے صارف نے فارم ابھی جمع نہ کروایا ہو۔ یہ سہولت خاص طور پر ان افراد کے لیے کارآمد ہوسکتی ہے جو ایک ہی کام کے لیے اسمارٹ فون اور کمپیوٹر دونوں استعمال کرتے ہیں۔
کمپیوٹر پر کروم میں اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے تھری ڈاٹ مینیو کھولیں، پھرسیواینڈ شئیر،کاسٹ آپشن میں جائیں اور وہاں سے متعلقہ آپشن منتخب کرکے ویب پیج دوسری ڈیوائس پر بھیج دیں۔ اینڈرائیڈ فونز میں کروم براؤزر کے شئیر مینیو کے ذریعے بھی اس فیچر تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ یوں صارفین ایک ڈیوائس پر شروع کیا گیا کام دوسری ڈیوائس پر منتقل کرکے اسے دوبارہ شروع کرنے کے بجائے وہیں سے جاری رکھ سکیں گے جہاں اسے چھوڑا تھا۔