اسلام آباد: سی ڈی اے کا زون 4 میں واقع غیر قانونی 7 ہاؤسنگ اسکیموں کے دفاتر سیل کرنے کا حکم

اسلام آباد: سی ڈی اے کا زون 4 میں واقع غیر قانونی 7 ہاؤسنگ اسکیموں  کے دفاتر سیل کرنے کا حکم

اسلام آباد (نوید رضا) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے شعبہ پلاننگ ونگ، ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل پلاننگ نے زون 04 میں قائم 7 مختلف غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کے سائٹ اور مارکیٹنگ دفاتر فوری طور پر سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

سی ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق کارروائی سی ڈی اے آرڈیننس 1960، آئی سی ٹی (زوننگ) ریگولیشن 1992 اور زون 2، 4 اور 5 کے لیے 2023 میں تشکیل دیے گئے قوانین کے تحت کی جا رہی ہے۔ متعلقہ قوانین کے مطابق اسلام آباد میں سی ڈی اے کی باقاعدہ منظوری کے بغیر کسی بھی پرائیویٹ سپانسر کو ہاؤسنگ اسکیم کی منصوبہ بندی، لانچنگ یا ترقیاتی کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

سی ڈی اے کے 18 ستمبر 2026 کو جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے مطابق لیہتراڑ روڈ، کُری روڈ اور بنی گالہ کے علاقوں میں قائم مختلف ہاؤسنگ اسکیموں کے دفاتر کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

لیہتراڑ روڈ زون 04 میں قائم  النفیس ٹاؤن کے مارکیٹنگ اور سائٹ دفاتر سیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسکیم کو 06 اکتوبر 2025 اور 16 جون 2026 کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔ اسی طرح لیہتراڑ روڈ زون 04 میں قائم   مفتی محمود انکلیو کے دفاتر سیل کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔ متعلقہ اسکیم کو 06 اکتوبر 2025 اور 16 جون 2026 کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سی ڈی اے کا تاریخی اقدام، بحریہ ٹاؤن فیز تھری ای اور فور کا لے آؤٹ پلان منسوخ

رائل ہومز/ریزیڈنسی کے سائٹ اور مارکیٹنگ دفاتر کو بھی سیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس اسکیم کو 06 اکتوبر 2025 اور 16 جون 2026 کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔ لیہتراڑ روڈ زون 04 میں قائم  رائل سٹی کے دفاتر کو بھی قانونی خلاف ورزی پر سیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادارے کی جانب سے اسکیم کو 06 اکتوبر 2025 اور 16 جون 2026 کو نوٹسز بھیجے گئے تھے۔

کُری روڈ زون 04 میں قائم  راول ٹاؤن کے مارکیٹنگ اور سائٹ دفاتر سیل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ اس اسکیم کو 06 اکتوبر 2025 اور 20 مئی 2026 کو شوکاز نوٹسز دیے گئے تھے۔ بنی گالہ زون 04 میں قائم   یار محمد ٹاؤن کے دفاتر سیل کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔ اس سوسائٹی کو 06 اکتوبر 2025 اور 13 اگست 2026 کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔

اسی طرح بنی گالہ زون 04 میں قائم  جے جے ہاؤسنگ سوسائٹی کے دفاتر کو بھی سیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس اسکیم کو 06 اکتوبر 2025 اور 13 فروری 2026 کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔ سی ڈی اے حکام کے مطابق ان تمام ہاؤسنگ اسکیموں میں لے آؤٹ پلان   کی منظوری اور این او سی  حاصل کیے بغیر ترقیاتی کام اور تعمیرات شروع کی گئی تھیں، جو متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

اتھارٹی کے مطابق ان سوسائٹیوں کو پہلے ہی تمام غیر قانونی ترقیاتی کام، مارکیٹنگ، پلاٹوں کی خرید و فروخت، الاٹمنٹ اور ٹرانسفر فوری طور پر روکنے اور غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔ عوامی آگاہی کے لیے قومی اخبارات اور سی ڈی اے کی آفیشل ویب سائٹ پر پبلک نوٹسز بھی شائع کیے گئے تھے، تاہم اس کے باوجود اسپانسرز نے سی ڈی اے سے منظوری حاصل نہیں کی۔

نوٹیفکیشنز میں آئی سی ٹی زوننگ ریگولیشن 1992 کے تحت 2023 کے پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیمز ریگولیشن  کے مطابق اگر سی ڈی اے کے لی آؤٹ پلان، این او سی اور بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر کسی اسکیم میں غیر قانونی تعمیرات، ترقیاتی کام یا الیکٹرانک، پرنٹ، سوشل میڈیا اور سڑکوں سمیت دیگر ذرائع سے اشتہار بازی یا مارکیٹنگ کی جا رہی ہو تو ڈائریکٹر انفورسمنٹ سی ڈی اے یا مجاز اتھارٹی، مجسٹریٹ سی ڈی اے کی موجودگی میں سپانسرز، ایڈورٹائزرز، آپریٹرز، کنسلٹنٹس، ٹھیکیداروں، رئیل اسٹیٹ ایجنٹس اور مارکیٹنگ پارٹنرز کے دفاتر سیل کر سکتے ہیں۔

 دفاتر سیل کرنے کا عمل ڈائریکٹر جنرل، ڈپٹی ڈی جی (پلاننگ) یا کسی مجاز شخص کے آرڈر کے بعد، متعلقہ ڈائریکٹوریٹ آف پلاننگ کی جانب سے دیے گئے 15 روزہ نوٹس اور 7 روزہ شوکاز نوٹس کی مدت ختم ہونے پر کیا جائے گا۔

ان تمام حقائق کی روشنی میں ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل پلاننگ نے ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ، سی ڈی اے سے درخواست کی ہے کہ مذکورہ نادہندہ سوسائٹیوں کے مارکیٹنگ اور سائٹ دفاتر کو فوری طور پر سیل کرنے کی کارروائی پر عمل درآمد کیا جائے۔

Related Articles