وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی حکومت کے ہاؤسنگ منصوبے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ نے عالمی سطح پر نمایاں اعزاز حاصل کرلیا۔ منصوبے کو اقوام متحدہ کے انسانی آبادکاری پروگرام یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
مسقط میں تقریب
مریم نواز شریف نے عمان کے دارالحکومت مسقط میں منعقدہ عالمی تقریب میں یہ ایوارڈ وصول کیا۔ انہیں بطور اسٹیٹ گیسٹ یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ کی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا،مسقط کے تاریخی کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران مریم نواز شریف کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ انہوں نے ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کی تقریب میں شرکت کی اور منصوبے کے حوالے سے عالمی اعزاز وصول کیا۔
ہال تالیوں سے گونج اٹھا
مریم نواز شریف کو ایوارڈ پیش کیے جانے کے موقع پر تقریب کا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ یونائیٹڈ نیشنز کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ہیومین سیٹلمنٹ پروگرام اینا کلوڈیا روزباخ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر شرکا کا خیرمقدم کیا،مریم نواز شریف نے ایوارڈ ان خاندانوں اور شہریوں کے نام کیا جنہوں نے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ منصوبے کے ذریعے اپنے گھر تعمیر کیے۔
صرف پانچ ممالک منتخب
تقریب میں بتایا گیا کہ دنیا بھر سے صرف پانچ منتخب ممالک کو اس سال یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا،میانمار کے ہٹو وینگ، برازیل کے تھیاگو باؤرمین گبرٹ، تیونس کے عبدالمالک غانم اور لندن کے صادق خان بھی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل تھے۔
ہاؤسنگ منصوبے کی پذیرائی
تقریب میں دی گئی بریفنگ کے مطابق یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ غیر معمولی کارکردگی پر افراد، شہروں، سرکاری و نجی اداروں اور تحقیقی اداروں کو دیا جاتا ہے،اس اعزاز کے لیے سستی اور مناسب رہائش، پائیدار شہری ترقی، بنیادی شہری سہولتوں میں بہتری، شہری ترقی، تعمیر نو اور قدرتی آفات کے بعد بحالی جیسے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
150 سے زائد منصوبوں میں نمایاں
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ منصوبہ دنیا بھر کے 150 سے زائد ہاؤسنگ منصوبوں میں نمایاں رہا۔ پنجاب حکومت کے مطابق ایک سال کے دوران دو لاکھ گھروں کی تکمیل کے پروگرام کو اس سال کی فہرست میں اولین حیثیت دی گئی۔
پاکستان کے لیے اہم اعزاز
بتایا گیا کہ پاکستان 2007 میں بھی یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ حاصل کرچکا ہے۔ تاہم پنجاب حکومت کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی صوبے کے ہاؤسنگ منصوبے کو اس عالمی سطح پر پذیرائی اور اعزاز حاصل ہوا ہے۔
مزید تقریبات
مریم نواز شریف نے ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کے موقع پر یو این ہیبی ٹیٹ کی خصوصی نمائش کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی۔ انہیں ترقیاتی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، جبکہ دیگر شرکا کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائی۔
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے عمان میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام تقریب میں ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ منصوبے کا عالمی ایوارڈ وصول کیا۔ ان کے مطابق ہر سال پانچ پروگرامز کو یہ اعزاز دیا جاتا ہے اور اس سال پنجاب کے دو لاکھ گھروں کی تکمیل کے پروگرام کو فہرست میں پہلے نمبر پر رکھا گیا۔
