چائنا اوپن میں روسی ٹینس اسٹار ڈینیئل میڈوی ڈیو کو ایک تماشائی کی آنکھ پر گیند لگنے کے بعد میچ سے ڈس کوالیفائی کردیا گیا۔
چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں اس وقت غیر متوقع صورتحال پیدا ہوگئی جب روسی ٹینس اسٹار ڈینیئل میڈوی ڈیو کی ہٹ کی گئی گیند ایک تماشائی کی آنکھ پر جا لگی۔
واقعے کے مطابق میڈوی ڈیو نے کورٹ کی دیوار سے ٹکرا کر واپس آنے والی گیند کو ہٹ کیا، جو تماشائی کی آنکھ پر لگی۔ گیند لگنے کے بعد تماشائی نے اپنی آنکھ پر ہاتھ رکھا اور فوری طور پر کورٹ سے باہر چلا گیا۔
واقعے کے بعد میڈوی ڈیو کو ڈس کوالیفائی کردیا گیا، جس کے نتیجے میں ان کے حریف نوواک جوکووچ کو فائنل میں جگہ مل گئی۔ میچ کے دوران پیش آنے والے اس واقعے پر میڈوی ڈیو نے بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر حادثہ قرار دیا۔
روسی کھلاڑی نے متاثرہ تماشائی سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس واقعے پر انتہائی افسوس ہے اور وہ ذاتی طور پر اس شخص سے ملاقات کرکے بھی معافی مانگنا چاہتے ہیں۔ میڈوی ڈیو کے مطابق ان کا مقصد کسی تماشائی کو نقصان پہنچانا نہیں تھا اور گیند کا تماشائی کی آنکھ پر لگنا ایک بدقسمت حادثہ تھا۔