وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر پروگرام کے تحت شہریوں کو 100 ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کرنے کا سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن خاندانوں کو عزت و وقار کے ساتھ اپنا گھر ملا، وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ حکومت عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رکھے گی اور غریب خاندانوں کو گھروں کی فراہمی کے لیے وسائل کی کمی آڑے نہیں آنے دی جائے گی۔
وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن ہزاروں خاندانوں کے لیے خوشی کا دن ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز کیا گیا، جس کے بعد آشیانہ اقبال اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی رہائشی منصوبے شروع کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ صوبائی حکومتوں کی جانب سے گھروں کے لیے قرضوں کی فراہمی خوش آئند ہے، تاہم 7 لاکھ 52 ہزار گھروں کا تصور بھی ضرورت کے مقابلے میں آٹے میں نمک کے برابر ہے۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر ہاؤسنگ ریاض حسین پیرزادہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو معروف بینکر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ وفاقی کابینہ میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں تمام شہریوں کو مساوی حقوق ملنے چاہئیں اور عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ وفاق اور صوبوں کو دن رات مل کر کام کرنا ہوگا کیونکہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ اپنا گھر پروگرام کے تحت ساڑھے 6 ماہ کے دوران 18 ہزار 500 گھروں کے لیے 100 ارب روپے تقسیم کیے گئے، جبکہ گھروں کے لیے فراہم کردہ قرضوں کا حجم اب بڑھ کر 112 ارب روپے ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 500 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے 6 ماہ میں 1000 ارب روپے کے قرضوں کی ادائیگی کا ہدف حاصل کرنے پر دوبارہ تقریب منعقد کی جائے گی۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ غریب خاندانوں کو گھروں کی فراہمی کے لیے ایک لاکھ، دو لاکھ یا پانچ لاکھ گھروں کی کوئی حد مقرر نہیں، جتنے گھر بنانے کی ضرورت ہوگی، بنائے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قرضوں کی فراہمی کے عمل میں نہ کوئی کرپشن ہوئی اور نہ ہی اقربا پروری کی گئی۔ انہوں نے بینکوں کو ہدایت کی کہ گھروں کے لیے قرضوں کی منظوری فوری طور پر یقینی بنائی جائے اور اس عمل میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرضوں کی منظوری اور فراہمی میں حائل تمام رکاوٹوں کو باہمی مشاورت سے دور کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اپنا گھر حاصل کر سکیں۔
