ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کے عالمی ادارے کی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈال کر عالمی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا کیمیائی ہتھیاروں کے بارے میں اتنا فکرمند ہے کہ وہ ان کی نگرانی کرنے والے عالمی ادارے کو ہی مفلوج کر رہا ہے۔
انہوں نے کیمیائی ہتھیاروں کی ممانعت کی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) کی سرگرمیوں میں ممکنہ تعطل اور اہم پروگراموں میں کمی کے خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی اقدامات کو شرمناک قرار دیا اور کہا کہ امریکا عالمی اداروں کی سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈال کر عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
اس سے قبل خبر رساں ادارے رائٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ او پی سی ڈبلیو کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے، ادارے کے 8 کروڑ 30 لاکھ یورو کے سالانہ بجٹ میں ایک چوتھائی کمی واقع ہوئی ہے جس کی ایک بڑی وجہ امریکا کی جانب سے اپنی مالی شراکت کا خاطر خواہ حصہ ادا نہ کرنا ہے۔
ادارے کے ڈائریکٹر جنرل نے خبردار کیا ہے کہ مالی قلت کے باعث بعض سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں جن میں شام میں کیمیائی ہتھیاروں کی شناخت اور تلفی سے متعلق پروگرام بھی شامل ہیں اور ان پروگراموں کو معطل یا محدود کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ 1997ء میں قائم ہونے والی تنظیم او پی سی ڈبلیو کیمیائی ہتھیاروں کے عالمی معاہدے (سی ڈبلیو سی) پر عملدرآمد کی نگرانی کرتی ہے اور دنیا بھر سے کیمیائی ہتھیاروں کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، جس پر اسے 2013ء میں نوبیل امن انعام سے بھی نوازا گیا تھا۔
دوسری جانب امریکا اقوام متحدہ اور اس سے منسلک عالمی اداروں کے بجٹ میں سب سے بڑا حصہ دار سمجھا جاتا ہے، تاہم مختلف عالمی اداروں کی فنڈنگ روکنے یا واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کے باعث واشنگٹن کو ماضی میں بھی تنقید کا سامنا رہا ہے، جبکہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کی نگرانی کا معاملہ طویل عرصے سے امریکا اور ایران سمیت عالمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی اور سفارتی محاذ آرائی کا ایک اہم محور بنا ہوا ہے۔