کینسر کے مریضوں کیلئے نئی امید ، سائنسدانوں نے تمباکو کے پودے سے دوا تیار کر لی

کینسر کے مریضوں کیلئے نئی امید ، سائنسدانوں نے تمباکو کے پودے سے دوا تیار کر لی

طبی تحقیق کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں سائنس دانوں نے تمباکو کے پودوں سے کینسر کے علاج میں استعمال ہونے والی اہم ترین دوا پیسلی ٹیکسل (Paclitaxel) تیار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔

 عام طور پر ٹیکسال (Taxol) کے نام سے جانی جانے والی اس دوا کی نئی تیاری سے مستقبل میں نایاب ‘یو’ (Yew) کے درختوں پر انحصار کم ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

معروف سائنسی جریدے نیچر کیمیکل بائیولوجی میں 23 نومبر کو شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق یونیورسٹی آف کوپن ہیگن کے سائنس دانوں نے سوٹیرِیوس کامپرانیس کی سربراہی میں یونیورسٹی آف ایتھنز اور فیوم یونیورسٹی کے محققین کے ساتھ مل کر یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ ماہرین نے تمباکو کی ایک مخصوص قسم نیکوٹیانا بینتھامیانا (Nicotiana benthamiana) میں پیسلی ٹیکسل کی حیاتیاتی تیاری کا مکمل عمل کامیابی سے تشکیل دیا ہے۔

دوا کی تیاری کا پیچیدہ عمل کیسے ممکن ہوا؟

پیسلی ٹیکسل کینسر کے علاج میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے، تاہم اس کی انتہائی پیچیدہ کیمیائی ساخت اور قدرتی ذرائع سے محدود دستیابی کے باعث اس کی تیاری ہمیشہ ایک بڑا چیلنج رہی ہے۔

اس سے قبل اس دوا کی تیاری کے مختلف جزوی حیاتیاتی طریقے تجویز کیے گئے تھے، لیکن موجودہ تحقیق میں پہلی مرتبہ اس پورے حیاتیاتی عمل کی مکمل سائنسی تصدیق کی گئی ہے۔

تحقیق کے دوران ماہرین نے دوا کی تیاری میں شامل تمام مراحل، خامروں (Enzymes) کی سرگرمیوں اور درمیانی کیمیائی مرکبات کا باریک بینی سے جائزہ لیا، جبکہ اہم مرکبات کو الگ کر کے نیوکلیئر میگنیٹک ریزوننس (این ایم آر) ٹیکنالوجی کے ذریعے ان کی ساخت کی بھی تصدیق کی گئی۔

پودے کے خلیات میں پوشیدہ راز

محققین نے اس عمل کے دوران یہ بھی دریافت کیا کہ دوا کی تیاری کے اہم حیاتیاتی مراحل پودے کے مختلف خلیاتی حصوں میں مکمل ہوتے ہیں، جن میں پلاسٹڈز، اینڈوپلازمک ریٹیکیولم، سائٹوپلازم اور پیروکسی سومز شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق دوا کی کامیاب تیاری کے لیے پودے کے ان مختلف خلیاتی حصوں کے درمیان درمیانی مرکبات کی منظم منتقلی بھی ناگزیر ہوتی ہے۔

پیداوار میں 500 گنا سے زائد ریکارڈ اضافہ

اس تحقیق کا سب سے نمایاں پہلو یہ ہے کہ سائنس دانوں نے مخصوص جینیاتی اور حیاتیاتی تکنیکوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پیسلی ٹیکسل کی پیداوار میں 500 گنا سے زائد اضافہ کر دکھایا ہے۔ اس کامیابی کے نتیجے میں فی گرام خشک پودے سے 61.05 مائیکروگرام دوا حاصل کی گئی ہے، جو روایتی طور پر یو کے درخت کی چھال سے حاصل ہونے والی مقدار کے تقریباً برابر ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت مستقبل میں کینسر کی اس اہم دوا کی کم لاگت، تیز رفتار اور ماحول دوست فراہمی کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔

editor

Related Articles