پاکستان کے خلائی تحقیق کے ادارے سپارکو (SUPARCO) نے ملک کے پہلے انسانی خلائی مشن کے حوالے سے عوامی آگاہی اور معلومات کی فراہمی کے لیے “سپارکو مشن ہب” انٹرنیٹ پورٹل جاری کر دیا ہے۔
سپارکو کے مطابق شہری astronaut.suparco.gov.pk کے ذریعے اس پورٹل تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں ، مشن ڈیش بورڈ پر عوام کو خلائی اسٹیشن کے مختلف ماڈیولز، مشن ٹائم لائن اور کاؤنٹ ڈاؤن کلاک سمیت اہم تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
پورٹل کی نمایاں سہولیات میں یہ شامل ہیں:
بورڈنگ پاس: شہری اپنا نام، شہر اور دیگر مطلوبہ تفصیلات درج کر کے پاکستان کے پہلے انسانی خلائی مشن کا بورڈنگ پاس حاصل، ڈاؤن لوڈ اور شیئر کر سکتے ہیں۔
لائیو ٹریکنگ: صارفین خلائی اسٹیشن کی لائیو ٹریکنگ کے ساتھ اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، گلگت اور مظفرآباد سمیت ملک کے مختلف شہروں کے اوپر سے اس کے گزرنے کا وقت بھی جان سکتے ہیں۔
پیغامات اور اپ ڈیٹس: شہری پورٹل کے ذریعے نیک تمناؤں کے پیغامات بھیج سکتے ہیں، جبکہ مشن سے متعلق ویڈیوز اور تازہ اپ ڈیٹس بھی یہیں دیکھی جا سکتی ہیں۔
سپارکو کا یہ اقدام عوام کو ملک کے پہلے انسانی خلائی مشن کے سفر سے براہِ راست جوڑنے اور خلائی سائنس میں دلچسپی بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور چین کے خلائی اداروں، سپارکو (SUPARCO) اور سی ایم ایس اے (CMSA)، کے درمیان فروری 2025 میں پاکستانی خلاباز کی تربیت اور خلائی مشن میں شمولیت کا تاریخی معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت ملک بھر سے امیدواروں کی سخت اسکریننگ اور چین میں طویل پیشہ ورانہ تربیت کے بعد ذیشان علی کو اس مشن کے لیے منتخب کیا گیا۔
ذیشان علی قومی خلائی پروگرام کے تحت خلائی اسٹیشن جانے والے پہلے پاکستانی خلاباز ہیں، جو وہاں مختلف سائنسی تجربات بھی انجام دیں گے۔