امتحان میں نقل روکنے کے لیے پورے ملک میں موبائل فونز پر ہنگامی الرٹس جاری

امتحان میں نقل روکنے کے لیے پورے ملک میں موبائل فونز پر ہنگامی الرٹس جاری

جنوبی کوریا میں امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے حکام نے ایک منفرد طریقہ اختیار کرلیا۔ کالجوں میں داخلے کے لیے منعقد ہونے والے اہم امتحان کے دوران 111 طلبہ کے پاس غیر قانونی اسمارٹ ڈیوائسز برآمد ہوئیں، جبکہ 5 طلبہ کو امتحان کے دوران ڈیوائسز استعمال کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔

جنوبی کوریا میں یہ امتحان ’سونیونگ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، جس میں اس سال تقریباً 5 لاکھ طلبہ نے شرکت کی۔ امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لیے حکام نے اس مرتبہ سخت اقدامات کیے۔ امتحان کے روز ملک بھر میں موبائل فونز پر تین مرتبہ ایمرجنسی الرٹس بھیجے گئے تاکہ امتحانی مراکز میں چھپائے گئے موبائل فونز کی نشاندہی کی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں:جی ٹی اے 6 نے عام گیمر کو راتوں رات امیر بنا دیا

اس کے علاوہ طلبہ کو اپنی شرٹس کے بٹن ڈھانپنے کی ہدایت دی گئی، جبکہ ان کی عینکوں کی بھی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔ حکام نے یہ اقدامات مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے نقل کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر کیے ہیں۔ گزشتہ ماہ دو طلبہ کو اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس عینکوں کے ذریعے نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔

ایک اور واقعے میں ٹیکس اکاؤنٹنسی کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار نے بھی اعتراف کیا کہ اس نے چھوٹے کیمرے اور اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے نقل کی تھی۔

جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ بھی امتحانی نظام میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دے چکے ہیں تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نقل کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکا جاسکے۔

امتحانات میں اے آئی کے استعمال نے تعلیمی اداروں کے لیے ایک نیا چیلنج کھڑا کردیا ہے، جہاں اب روایتی نگرانی کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے بھی نمٹنا ضروری ہوتا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles