آسٹریلیا نے بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی تیاری کرلی ہے۔ مجوزہ قانون کے تحت گوگل اور میٹا سمیت بڑی انٹرنیٹ کمپنیوں کو نقصان دہ مواد اور صارفین میں لت پیدا کرنے والی خصوصیات ختم کرنے میں ناکامی پر ان کی سالانہ عالمی آمدنی کے 5 فیصد تک جرمانہ کیا جا سکے گا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق مجوزہ جرمانے کی حد میں بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے زیادہ سے زیادہ 10 کروڑ 90 لاکھ آسٹریلوی ڈالر، یعنی تقریباً 7 کروڑ 22 لاکھ امریکی ڈالر جرمانے کی تجویز تھی۔ نئی حد کے تحت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو اربوں ڈالر کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سینیٹ میں گرینز پارٹی کے ساتھ معاہدے کے بعد اس بل کی پارلیمان سے منظوری کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ مجوزہ ڈیجیٹل ڈیوٹی آف کیئر قانون کے تحت صارفین کو یہ حق بھی دیا جائے گا کہ وہ ایسے پلیٹ فارمز کے خلاف قانونی کارروائی کر سکیں جو نقصان دہ سرگرمیوں کو ممکن بنانے میں معاون ہوں۔
اس قانون کے تحت مختلف آن لائن شعبوں کے لیے الگ الگ ضابطوں کے بجائے ایک جامع نظام متعارف کرایا جائے گا۔ کمپنیوں کو نقصان دہ مواد اور صارفین کے لیے خطرناک آن لائن تجربات کی پیشگی نشاندہی کرکے ان کی روک تھام کرنا ہوگی۔
مجوزہ قانون میں بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد، کسی کی رضامندی کے بغیر تیار کی گئی جعلی عریاں تصاویر، صنفی بنیاد پر تشدد، خود کو نقصان پہنچانے کی ترغیب اور دہشت گردی سے متعلق مواد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز کا کہنا ہے کہ حکومت غیر ملکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے بجائے والدین اور بچوں کے تحفظ کو ترجیح دے رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدامات 16 سال سے کم عمر افراد کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کے بعد اگلا قدم ہیں۔
دوسری جانب ٹیکنالوجی کمپنیوں نے بچوں کے تحفظ اور نقصان دہ مواد کی روک تھام کے مقصد سے اتفاق کیا ہے، تاہم بیشتر کمپنیوں نے مجوزہ قانون پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ اس قانون کے تحت حکومتی عہدیداروں کو یہ طے کرنے کا اختیار مل سکتا ہے کہ کون سا مواد نقصان دہ ہے۔
صنعتی تنظیموں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھاری جرمانوں سے بچنے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ضرورت سے زیادہ مواد ہٹانا شروع کر سکتے ہیں، جس سے جائز مواد بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ڈیجیٹل انڈسٹری گروپ نے نئے مسودے کا جائزہ نہ لینے کے باعث تبصرہ کرنے سے گریز کیا، جبکہ گوگل نے بھی اس معاملے پر کوئی مؤقف نہیں دیا۔