غریبوں، مزدوروں اور مدارس کے معصوم طلبہ کی نمائندگی کا دم بھرنے والے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی سادگی اور عوامی سیاست کا پول لاہور کے حالیہ واقعے نے ایک مرتبہ پھر کھول کر رکھ دیا ہے۔
24 اور 25 نومبر کی سامنے آنے والی رپورٹس نے اس حیران کن حقیقت سے پردہ اٹھایا ہے کہ لاہور کے علاقے چوہنگ اور ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب واقع انتہائی مہنگی اور پوش نجی ہاؤسنگ سوسائٹی (پارک ویو سٹی) کی جس عالیشان رہائش گاہ کے باہر ہونے والی کارروائی پر جے یو آئی قیادت “نظربندی” اور “ریاستی محاصرے” کا شور مچا رہی تھی، وہ دراصل “سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک بااثر دوست” کا پرتعیش محل نما گھر ہے جہاں مولانا فضل الرحمان ڈیرے ڈالے بیٹھے تھے۔
سیاسی مبصرین، تجزیہ کاروں اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ انکشاف فضل الرحمان کی دوغلی سیاست اور دوہرے معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ناقدین سوال اٹھاتے ہیں کہ جو رہنما دن رات اسٹیج پر کھڑے ہو کر غریب عوام، کسانوں اور مدارس کے سادہ لوح طلبہ کے حقوق کی بات کرتے ہیں، وہ لاہور آ کر کسی عام مدرسے، پارٹی سیکرٹریٹ یا کسی غریب کارکن کے گھر ٹھہرنے کے بجائے سندھ کی وڈیرہ شاہی اور ارب پتی دوستوں کے پرتعیش بنگلوں میں قیام کو کیوں ترجیح دیتے ہیں؟
تجزیہ کاروں کے مطابق گزشتہ چند روز سے سندھ میں پیپلز پارٹی اور وڈیرہ شاہی کی اجارہ داری بچانے کے لیے جے یو آئی کے غریب کارکنوں کو سڑکوں اور احتجاج کی آگ میں جھونکنے کا اصل راز بھی اب کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ایک طرف معصوم کارکن دھوپ اور سردی میں سڑکیں بلاک کر کے وڈیرہ شاہی کا دفاع کرتے ہیں، اور دوسری طرف ان کے قائد لاہور کی پوش ترین سوسائٹیوں میں سندھ کے انہی بااثر دوستوں کے عالیشان محلات کی آسائشوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
عوامی و سیاسی حلقوں کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر G-6 میں 2 ارب روپے کے 4 کنال زیرِ تعمیر محل اور این ایچ اے ٹھیکیدار کے نام پر رجسٹرڈ گھر کے بعد اب لاہور کی پوش سوسائٹی میں سندھ کے دوست کے پرتعیش گھر میں قیام اور وہاں سے اسلحہ بردار افراد کی گرفتاری نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ فضل الرحمان کی سیاست کا محور غریب عوام نہیں بلکہ سرمایہ دار، ٹھیکیدار اور جاگیردار طبقہ ہے۔ ناقدین کا مؤقف ہے کہ سادگی کا لبادہ اوڑھ کر مذہب اور غریبوں کے نام پر ووٹ بٹورنے والوں کا اصل چہرہ اب عوام کے سامنے مکمل طور پر بے نقاب ہو چکا ہے