پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا آفیشل ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں ملک کے نامور اداکاروں کی بڑی تعداد ایک ساتھ نظر آرہی ہے۔
معروف مصنفہ فرحت اشتیاق کے مقبول ناول پر مبنی اس سیریز کو نیٹ فلکس اور ہم ٹی وی کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی ہدایت کاری اور پروڈکشن مومنہ درید نے کی ہے۔
سیریز کی کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، اقرا عزیز، صنم سعید، بلال اشرف، مایا علی، احمد علی اکبر، خوشحال خان، نادیہ خان اور آمنہ شیخ سمیت کئی معروف فنکار شامل ہیں۔
ٹریلر میں محبت، رشتوں، دھوکے اور جذباتی کشمکش کی جھلک دکھائی گئی ہے۔ کہانی 3 نسلوں اور 6 محبت کی داستانوں کے گرد گھومتی ہے، جہاں کرداروں کو محبت، جدائی اور زندگی کے مشکل فیصلوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ناول کی کہانی پہلی بار 2009 میں خواتین ڈائجسٹ میں قسط وار شائع ہوئی تھی، جبکہ 2013 میں اسے کتابی شکل دی گئی۔ اب اس کہانی کو عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے ذریعے دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچایا جا رہا ہے۔
نیٹ فلکس کے مطابق یہ سیریز 4 دسمبر 2026 کو دنیا بھر میں ریلیز ہوگی۔ اس کی شوٹنگ پاکستان، اٹلی اور برطانیہ میں کی گئی ہے۔
ٹریلر سامنے آنے کے بعد پاکستانی اور دیگر ممالک کے مداحوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ کئی صارفین نے اسے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے لیے اہم کامیابی قرار دیا، جبکہ ناول کے مداح بھی اپنی پسندیدہ کہانی کو اسکرین پر دیکھنے کے لیے پُرجوش ہیں۔