خیبر پختونخوا، ’آپریشن 11 گرج‘ میں بڑی کامیابی، ڈی ایس پی عمران الدین کی شہادت کا ذمہ انتہائی مطلوب خارجی شعیب عرف سیف الاسلام اور گل سمیت 16 خوارج ہلاک

خیبر پختونخوا، ’آپریشن 11 گرج‘ میں بڑی کامیابی، ڈی ایس پی عمران الدین کی شہادت کا ذمہ انتہائی مطلوب خارجی شعیب عرف سیف الاسلام اور گل سمیت 16 خوارج ہلاک

خیبر پختونخوا کے 5 مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری ’آپریشن 11 گرج‘ کے دوران ڈی ایس پی عمران کی شہادت کے ذمہ دار انتہائی مطلوب خارجی شعیب عرف سیف الاسلام اور کمانڈر گل عرف سرسترگے سمیت 16 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

 24 نومبر کو انجام دیے گئے ان کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں باڑہ، اورکزئی، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔

 سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کرک میں فتنہ الخوارج کے خلاف ایک انتہائی حساس اور مربوط کارروائی عمل میں لائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کا غضبناک وار، خوارج کمانڈر گل زمان جہنم واصل

ہلاک ہونے والا انتہائی مطلوب دہشتگرد شعیب عرف سیف الاسلام کرک میں ڈی ایس پی عمران کی شہادت کے افسوسناک واقعے میں براہِ راست ملوث اور مرکزی ذمہ دار تھا۔

 انٹیلی جنس ادارے گزشتہ کئی ہفتوں سے اس خارجی کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے تھے۔ گزشتہ روز مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر اس کے ٹھکانے کا گھیراؤ کیا گیا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں شعیب عرف سیف الاسلام جہنم واصل ہو گیا۔

 خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آپریشن 11 گرج  جاری

 ’آپریشن 11 گرج‘ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق خوارج کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا عمل پورے زور و شور سے جاری ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف حساس علاقوں جن میں باڑہ، اورکزئی، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان شامل ہیں، میں کی گئی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 16 خوارج کو عبرتناک انجام تک پہنچایا گیا۔

 مارے جانے والے دہشتگردوں میں انتہائی مطلوب ہائی ویلیو ٹارگٹ شعیب عرف سیف الاسلام کے علاوہ دہشتگرد کمانڈر گل عرف سرسترگے بھی شامل ہے، جس کی ہلاکت کو مقامی سطح پر دہشت گرد نیٹ ورک کے لیے بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔

 دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا غیر متزلزل عزم

 ملک بھر میں خوارج کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائیوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔

سیکیورٹی فورسز کے یہ کامیاب آپریشنز ملک میں امن و استحکام کے قیام اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے پختہ عزم کا تسلسل ہیں۔

مزید پڑھیں:آپریشن رد الفتنہ 3: سیکیورٹی فورسز کی مستونگ میں دو بڑی کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 15 دہشت گرد جہنم واصل ، متعدد ٹھکانے تباہ

 سیکیورٹی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ آخری خارجی کے مکمل خاتمے اور وطن عزیز میں پائیدار امن کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی یہ کارروائیاں اسی طرح پوری قوت اور شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

 انسداد دہشتگردی مہم 

واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران خیبر پختونخوا کے جنوبی اور قبائلی اضلاع میں فتنہ الخوارج کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں اور پولیس افسران کو نشانہ بنانے کی کوششوں میں تیزی دیکھی گئی تھی، جس کے تدارک کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔

 5 مختلف اضلاع میں بیک وقت 16 خوارج اور 2 اہم کمانڈروں کی ہلاکت اس امر کی غمازی کرتی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس نیٹ ورک دہشتگردوں کی کمین گاہوں تک رسائی حاصل کر چکا ہے۔

مرکزی کمانڈروں کے خاتمے سے نہ صرف دہشتگرد گروہوں کی آپریشنل صلاحیت اور رابطہ کاری مفلوج ہوگی بلکہ مقامی آبادی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے بھی مزید بلند ہوں گے۔

Related Articles