دھرنے ختم کرو ،  اسلحہ پھینکو، مسلح ملزمان حوالے کرو اورمعافی مانگو،آزاد کشمیراسمبلی نے کالعدم ایکشن کمیٹی کوواپسی کا آخری موقع دیدیا

دھرنے ختم کرو ،  اسلحہ پھینکو، مسلح ملزمان حوالے کرو اورمعافی مانگو،آزاد کشمیراسمبلی نے کالعدم ایکشن کمیٹی کوواپسی کا آخری موقع دیدیا

 آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں جون 2026 سے جاری بدامنی، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور سکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں کے معاملے پر اہم مشترکہ قرارداد منظور کرلی  گئی ہے، قرارداد میں ریاستی عمل داری، عوام کے آئینی و قانونی حقوق اور جمہوری نظام کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ڈپٹی اسپیکر محمد رضا قادری، وزراء وقار احمد نور، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی، حمیر رحیم، ثاقب مجید راجہ اور ایم ایل اے چوہدری محمد اسماعیل نے مشترکہ قرارداد پیش کی۔

انتظامی ڈھانچے اور آئینی حقوق کے تحفظ کا عزم

قرارداد میں 4 جون 2026 کو منظور ہونے والی قرارداد کی توثیق کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ آزاد کشمیر کے موجودہ انتظامی ڈھانچے کو برقرار رکھا جائے گا اور عوام کے بنیادی آئینی و قانونی حقوق سمیت جمہوری اقدار کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

ایوان نے جون 2026 سے اب تک کالعدم کمیٹی سے وابستہ مسلح عناصر کے خلاف کارروائیوں اور حملوں کے دوران جانیں قربان کرنے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

34 شہداء، 248 زخمی اہلکاروں کو خراجِ تحسین

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں مجموعی طور پر 282 اہلکار اور افراد متاثر ہوئے، جن میں 34 شہید اور 248 زخمی ہوئے،اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر پولیس کے 4 اہلکار شہید اور 180 زخمی ہوئے، پنجاب پولیس کا ایک اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوئے جبکہ فیڈرل کانسٹیبلری کے 2 اہلکار شہید اور 35 زخمی ہوئے،اسلام آباد پولیس کے 9 اہلکار زخمی ہوئے، انٹیلی جنس بیورو اور انتظامیہ کا ایک ایک اہلکار زخمی ہوا جبکہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے 3 اہلکار بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔

پاک رینجرز اور پاک فوج کے اہلکاروں کی قربانیاں

قرارداد میں بتایا گیا کہ زمینی کارروائیوں کے دوران پاک رینجرز کے 6 اہلکار شہید اور 13 زخمی ہوئے،اس کے علاوہ 10 جون 2026 کو مظفرآباد کے نیلم اسٹیڈیم میں ہیلی کاپٹر کے ٹیک آف کے دوران پیش آنے والے حادثے میں پاکستان رینجرز کے 18 اور پاک آرمی کے 3 پائلٹس سمیت مجموعی طور پر 21 افسران و اہلکار شہید ہوئے۔

شاہراہوں کی بندش، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں پر حملوں کی مذمت
اسمبلی کی قرارداد میں کالعدم کمیٹی سے وابستہ مسلح عناصر کی جانب سے شاہراہیں بند کرنے،  ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں پر حملوں، اشیائے ضروریہ کی ترسیل روکنے، شہید پولیس اہلکاروں کی لاشوں کی بے حرمتی اور خواتین و بچوں کو انسانی ڈھال بنانے کی شدید مذمت کی گئی۔

ایوان نے قرار دیا کہ حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر حکومت نے سنگین اشتعال انگیزی کے باوجود غیر معمولی تحمل کا مظاہرہ کیا اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات، آل پارٹیز کانفرنس، سپریم کورٹ ریفرنس اور ریفرنڈم سمیت جمہوری راستے پیش کیے، تاہم قرارداد کے مطابق کالعدم کمیٹی کی قیادت نے ان تجاویز کو مسترد کیا۔

یہ بھی پڑھیں :پلندر ی میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے فسادی جتھے کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا پولیس کانسٹیبل شہید

کالعدم کمیٹی سے دھرنے ختم، اسلحہ جمع کرانے اور معافی مانگنے کا مطالبہ

قانون ساز اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ کالعدم کمیٹی فوری طور پر دھرنے ختم کرے، بند شاہراہیں کھولے، محصور شہریوں کو گھروں کو واپس جانے دے، مسلح جتھے ختم کرکے اسلحہ اور ملزمان قانون کے حوالے کرے اور ریاست مخالف بیانیے پر عوام سے معافی مانگے۔

قرارداد میں واضح کیا گیا کہ ان شرائط پر عمل درآمد کی صورت میں آئین 1974 کے دائرے میں مذاکرات کا راستہ کھولا جا سکتا ہے، تاہم ایسا نہ ہونے کی صورت میں حکومت شہریوں کے تحفظ اور ریاستی عمل داری یقینی بنانے کے لیے مؤثر قانونی کارروائی کرے گی،ایوان نے خطہ پونچھ کے محب وطن عوام اور پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

ختم نبوت ﷺ سے متعلق الگ قرارداد بھی پیش

دوسری جانب ایم ایل اے محمد مظہر سعید نے عقیدہ ختم نبوت ﷺ پر غیر متزلزل ایمان کے اعادے سے متعلق الگ قرارداد پیش کی،قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ 14 دسمبر 2021 اور ستمبر 2024 کی قراردادوں پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے ووٹر لسٹوں میں پاکستان کی طرز پر قادیانیوں/احمدیوں کا الگ اندراج کیا جائے۔

مزید برآں مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی طرز پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی نئی عمارت میں اسپیکر کی نشست کے عقب میں سورۃ الاحزاب کی آیت نمبر 40 اور حدیث ختم نبوت ﷺ کو خوبصورت خطاطی کے ساتھ فوری طور پر نصب کیا جائے۔

editor

Related Articles