مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو عملی شکل دینے کی جانب اہم پیش رفت، تینوں برادر ممالک کے سیاسی اور عسکری وفود 26 اور 27 نومبر کو اسلام آباد میں اہم مذاکرات کریں گے۔
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کو نئی جہت دینے کے لیے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں علاقائی سلامتی، مشترکہ دفاعی حکمت عملی اور تینوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون کے مستقبل پر غور ہوگا۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی نمائندگی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کریں گے۔ ترکیہ کی جانب سے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور وزیر دفاع یاشار گولر کی شرکت متوقع ہے۔
پاکستانی وفد کی قیادت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف اور اعلیٰ عسکری حکام بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
مذاکرات کے دوران تینوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو وسعت دینے، علاقائی سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور مشترکہ حکمت عملی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے پس منظر میں ہونے والی یہ بیٹھک پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔