دھند نے موٹروے کا پہیہ روک دیا، ایم فور کا اہم سیکشن بند، مسافروں کے لیے ہنگامی ہدایات جاری

پنجاب میں دھند کی شدت نے موٹروے ٹریفک کو متاثر کرنا شروع کردیا، حد نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹروے ایم فور کو فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق شدید دھند کے باعث مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایم فور کے دیگر تمام حصے شمالی اور جنوبی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور انتہائی ضرورت کے تحت سفر کرنا ہو تو دن کی روشنی کو ترجیح دیں۔

ترجمان کے مطابق صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے، اس لیے شہری اپنے سفری اوقات اسی مناسبت سے ترتیب دیں۔

حادثات سے بچنے کے لیے خصوصی ہدایات

موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو دوران سفر گاڑی کی رفتار کم رکھنے اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

شہریوں کو لین کی پابندی کرنے، غیر ضروری اوورٹیکنگ سے بچنے اور اچانک بریک لگانے سے گریز کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید ہدایت کی کہ سفر شروع کرنے سے پہلے گاڑی کی فوگ لائٹس، ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز کی درستگی لازمی چیک کریں۔

موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے دوران حد نگاہ میں اچانک کمی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے معمولی سی غفلت بھی بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔ شہری موٹروے پر سفر سے پہلے ٹریفک صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔

editor

Related Articles