پاکستان کا نام خلا تک پہنچ گیا، ثمر ہارون نے ذیشان علی کی تاریخی کامیابی کو نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ قرار دے دیا

پاکستان کا نام خلا تک پہنچ گیا، ثمر ہارون نے ذیشان علی کی تاریخی کامیابی کو نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ قرار دے دیا

پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا تاریخی خلائی مشن ملک کی سائنسی تاریخ میں ایک یادگار سنگِ میل بن گیا، جس نے پاکستانی نوجوانوں میں سائنس اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کا نیا جذبہ پیدا کردیا۔

گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے اس تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے پوری قوم اور بالخصوص نوجوان نسل کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کا خلائی مشن پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ اس کامیابی سے نئی نسل کو یہ پیغام ملا ہے کہ محنت، صلاحیت اور لگن کے ذریعے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا جا سکتا ہے۔

ثمر ہارون بلور کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اسکولوں، کالجوں اور جامعات میں طلبہ نے بڑی اسکرینوں اور ٹیلی ویژن پر اس تاریخی مشن کی براہِ راست نشریات اجتماعی طور پر دیکھیں۔

اس موقع پر تعلیمی اداروں میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور طلبہ نے پاکستان زندہ باد اور پاک چین دوستی زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

نوجوانوں کے لیے نیا حوصلہ

مشیرِ گورنر نے کہا کہ ذیشان علی کی کامیابی نوجوانوں کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدید تحقیق کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ انہیں مناسب مواقع اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو وہ دنیا کے ہر میدان میں اپنی قابلیت منوا سکتے ہیں۔

ثمر ہارون بلور نے پاک چین دوستی اور باہمی تعاون کو بھی پاکستان کی سائنسی و تکنیکی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مستقبل میں سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں مزید نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گا اور نوجوان نسل بین الاقوامی سطح پر ملک کی پہچان بنے گی

editor

Related Articles