شطرنج کھیلنے کے لیے 20 ہزار فٹ بلندی پر پہنچ گئے، گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم

شطرنج کھیلنے کے لیے 20 ہزار فٹ بلندی پر پہنچ گئے، گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم

شطرنج کھیلنے کا شوق 2 امریکی دوستوں کو ایکواڈور کے بلند ترین پہاڑ کی چوٹی پر لے گیا، جہاں انہوں نے 20 ہزار 593 فٹ کی بلندی پر مقابلہ کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

امریکا سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ ایڈم وائننگر اور 44 سالہ جوشوا ہوسٹ نے 31 مارچ کو ایکواڈور کے صوبے بولیوار میں واقع پہاڑ چمبورازو کی چوٹی پر شطرنج کھیلی۔ اس کارنامے کے ساتھ انہوں نے سب سے زیادہ بلندی پر بورڈ یا پارٹی گیم کھیلنے کا عالمی اعزاز حاصل کرلیا۔

ایڈم وائننگر نے گنیز ورلڈ ریکارڈز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شطرنج ان کا پسندیدہ کھیل ہے اور پہاڑ کی چوٹی پر بیٹھ کر یہ مقابلہ کرنا ان کے لیے ایک یادگار تجربہ تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں دوست چند ماہ قبل بھی اس پہاڑ کی چوٹی تک پہنچنے کی کوشش کرچکے تھے، تاہم خراب موسمی حالات نے انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا۔ اس بار انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور بالآخر اپنا مقصد حاصل کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں:ایک ڈاکیے کا عجیب خواب، 33 سال کی محنت سے تعمیر ہونے والا حیرت انگیز محل

امریکی دوستوں نے سابقہ عالمی ریکارڈ بھی 200 فٹ کے فرق سے توڑا۔ اس سے قبل 2024 میں برطانوی شہری ٹم ما اور نیل لافٹن نے نیپال کے پہاڑ پوتھا ہنچولی پر 20 ہزار 393 فٹ کی بلندی پر شطرنج کھیل کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

نئے ریکارڈ ہولڈرز کا کہنا ہے کہ وہ اپنا اعزاز برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ایڈم وائننگر نے دلچسپ انداز میں کہا کہ اگر کوئی ان کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوگیا تو وہ دوبارہ پہاڑ پر چڑھیں گے اور اس بار 200 فٹ مزید بلندی پر شطرنج کھیل کر نیا ریکارڈ بنائیں گے۔

editor

Related Articles