فضل الرحمان مس ایڈوانچر کرنا چاہتے ہیں تودیکھ لیں کہ پی ٹی آئی اورعمران خان آج کس حال میں ہیں؟سلمان درانی کا مشورہ

فضل الرحمان مس ایڈوانچر کرنا چاہتے ہیں تودیکھ لیں کہ پی ٹی آئی اورعمران خان آج کس حال میں ہیں؟سلمان درانی کا مشورہ

آزاد ڈیجیٹل کے اینکر پرسن سلمان درانی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو احتجاجی سیاست اور ممکنہ ہنگامہ آرائی کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمان سڑکوں پر نکل کر افراتفری پھیلانے یا شرانگیزی کی کوشش کرتے ہیں تو قانون کے مطابق ان سے سختی سے نمٹا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنی بچی کھچی سیاست کے تابوت میں خود ہی آخری کیل ٹھونکنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

سلمان درانی کے مطابق مولانا فضل الرحمان کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ حالات پہلے جیسے نہیں رہے اور قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی۔
 اگر احتجاج کے نام پر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے، انتشار پھیلانے یا قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی گئی تو متعلقہ ادارے قانونی کارروائی کریں گے۔

سلمان درانی نے مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ کوئی مس ایڈونچر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو انہیں پاکستان تحریک انصاف اور اس کے بانی عمران خان کی موجودہ صورتحال کو بھی سامنے رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ  پی ٹی آئی اور عمران خان کی مثال مولانا فضل الرحمان کے لیے ایک پیغام ہے کہ تصادم اور احتجاج کی سیاست کے نتائج کیا ہوسکتے ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سیاسی جماعت یا رہنما کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ وہ قانون سے بالاتر ہے۔

سلمان درانی نے کہا کہ ان کا پیغام صرف مولانا فضل الرحمان تک محدود نہیں بلکہ ہر اس سیاسی رہنما اور جماعت کے لیے ہے جو اسی طرز کی سیاست اپنانے یا احتجاج کے ذریعے حالات خراب کرنے کی کوشش کرے گی۔

اس حوالے سے بلاول بھٹو زرداری کا ذکر کرتے ہوئے بھی انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو قانون اور امن و امان کی حدود سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ، سیاسی اختلاف اور احتجاج اپنی جگہ، لیکن شرانگیزی اور انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سلمان درانی کا کہنا تھا کہ اب ملک میں ماضی جیسی سیاسی صورتحال نہیں رہی بلکہ یہ ڈیجیٹل دور ہے، جہاں عوام سیاسی جماعتوں کے نعروں کے بجائے ان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں،عوام معاشی صورتحال، حکومتی اقدامات اور روزمرہ زندگی پر پڑنے والے اثرات کو دیکھتے ہیں۔

انہوں نے  کہا کہ ملکی معیشت میں بہتری آرہی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی ہورہی ہے، اس لیے ان کے خیال میں عوام احتجاجی سیاست کی حمایت میں سڑکوں پر نہیں نکلیں گے۔

سلمان درانی کے بیان میں سیاسی جماعتوں کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ احتجاج اور سیاسی سرگرمیوں کے نام پر امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی گئی تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، جبکہ عوام کی حمایت حاصل کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کو اپنی کارکردگی پر توجہ دینا ہوگی۔

editor

Related Articles