ذیشان علی کے بعد پاکستان کی نظریں چاند پر، 2035 تک تاریخی مشن کی تیاری شروع

ذیشان علی کے بعد پاکستان کی نظریں چاند پر، 2035 تک تاریخی مشن کی تیاری شروع

  پاکستان نے خلائی تحقیق کے میدان میں اپنی منزل کا تعین کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان 2035 تک چاند پر اترنے کا ہدف رکھتا ہے جبکہ آئندہ قمری مشن میں چاند کی سطح پر روور بھیجنے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔

بیجنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان چین کے تعاون سے خلائی تحقیق کے نئے مراحل طے کرنے کے لیے پُرامید ہے۔ پاکستان چین کے انسان بردار خلائی مشن کا پہلا بین الاقوامی شراکت دار بھی بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی اب ہمالیہ کی بلندیوں سے آگے بڑھ کر خلا تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستانی خلا نورد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن کے پہلے بین الاقوامی مہمان بن گئے ہیں۔ 

خلائی تحقیق میں پاکستان کی پیش رفت

وفاقی وزیر نے کہا کہ  گزشتہ دو برس کے دوران تقریباً پانچ سیٹلائٹس خلا میں بھیجے ہیں۔ ملک خلائی ٹیکنالوجی کو موسمیاتی نگرانی، قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع اور امدادی سرگرمیوں میں استعمال کرنے کی صلاحیت بڑھا رہا ہے۔

انہوں نے  کہا کہ  ذیشان علی کے خلائی تجربات سے موسمیاتی مشکلات کا مقابلہ کرنے والے بیجوں اور جدید صنعتی مواد کی تیاری میں مدد مل سکے گی۔ ان تجربات کے نتائج مستقبل میں سائنسی تحقیق اور صنعتی ترقی کے لیے بھی اہم ہوں گے۔

10 ہزار پی ایچ ڈی اسکالرز کی تیاری

احسن اقبال نے کہا ہے کہ  پاکستان اور چین کے مجوزہ نالج کوریڈور کے تحت آئندہ 10 برس میں 10 ہزار پاکستانی طلبہ کو پی ایچ ڈی کی تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ  جدید علوم، تحقیق اور ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنا پاکستان کی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اس مقصد کے لیے چین کے ساتھ تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔

2047 تک 3 ہزار ارب ڈالر کی معیشت

وفاقی وزیر نے اڑان پاکستان پروگرام کے معاشی اہداف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 2035 تک ملکی معیشت کا حجم ایک ہزار ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف رکھا ہے۔

اسی طرح 2047 تک پاکستان کو 3 ہزار ارب ڈالر کی معیشت بنانے کا منصوبہ ہے۔ ان اہداف کے حصول میں جدید ٹیکنالوجی، خلائی تحقیق، اعلیٰ تعلیم اور صنعتی ترقی کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles