جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کےانتشاری بھائی اور جے یو آئی رہنما عطاء الرحمان کی فوجی چھاؤنیوں میں آگ لگانے سے متعلق پرانی تقریر کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہوگیا، جس کے بعد صارفین کی جانب سے ان کے بیان پر شدید مذمت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
وائرل ویڈیو میں عطاء الرحمان کو ایک تقریر کے دوران فوجی قیادت اور جرنیلوں کے حوالے سے اشتعال انگیز اشعار پڑھتے سنا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ تم بھی سنو، حکمران بھی سنیں، اک بات سنانے آیا ہوں، آج مولوی کو لے کر لڑانے آیا ہوں، تاج محل کی دیواریں مضبوط نہیں، مضبوط کرو،چھاؤنی کی دیواریں مضبوط نہیں، مضبوط کرو، میں چھاؤنیوں میں آگ لگانے آیا ہوں۔
عطاء الرحمان کی تقریر کا یہ کلپ دوبارہ گردش میں آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کے الفاظ پر سخت ردعمل سامنے آرہا ہے۔ صارفین نے آگ لگانے کی بات کو غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ ایک سیاسی و مذہبی جماعت کے رہنما کی جانب سے اس نوعیت کی زبان کیوں استعمال کی گئی۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے اس بیان کو سیاسی اختلافات کو اداروں کے ساتھ تصادم میں تبدیل کرنے کی کوشش قرار دیا ہے، جبکہ جے یو آئی کی قیادت سے بھی اس حوالے سے وضاحت طلب کی جا رہی ہے۔
عطاء الرحمان کا پرانا کلپ ایسے وقت میں دوبارہ وائرل ہوا ہے جب مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی سیاست اور جے یو آئی کی ممکنہ تحریک کے حوالے سے سیاسی ماحول پہلے ہی گرم ہے۔ اس صورتحال میں ان کے بھائی کی پرانی تقریر نے بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ سیاسی مطالبات اور اختلافات کے لیے احتجاج کا حق اپنی جگہ، لیکن تنصیبات کو آگ لگانے جیسے الفاظ سیاسی ماحول میں کشیدگی بڑھانے کا سبب بن سکتے ہیں۔،سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے ان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔