بلاول بھٹو خود بتائیں مولانا کے گھر کے باہر ایک ماہ کیا کرتے رہے؟ رانا ثنااللہ نے آڑے ہاتھوں لے لیا

بلاول بھٹو خود بتائیں مولانا کے گھر کے باہر ایک ماہ کیا کرتے رہے؟ رانا ثنااللہ نے آڑے ہاتھوں لے لیا

 وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور وفاقی وزیر بین الصوبائی امور رانا ثنااللہ نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم پر تنقید مسترد کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری سے براہ راست سوالات اٹھا دیے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ وہ اس مؤقف کو تسلیم نہیں کرتے کہ آئینی ترامیم کے دوران کسی کو استعمال کیا گیا یا کسی کو ٹشو پیپر بنایا گیا۔ پارلیمان نے اپنا کردار ادا کیا اور دونوں ترامیم پر بحث کے بعد انہیں منظور کیا گیا۔

انہوں نے بلاول بھٹو کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو کاغذی رکن قومی یا صوبائی اسمبلی نہیں ہونا چاہیے لیکن کاغذی وزیراعظم اور صدر بھی نہیں ہونا چاہیے۔ بلاول بھٹو خود اس اصول کی مثال بنیں تاکہ دوسرے بھی ان کی پیروی کریں۔

رانا ثنااللہ نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ وہ خود بتائیں کہ یہ لوگ ایک ماہ تک مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر کیا کرتے رہے؟ 
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ہی مسلسل کہتے رہے ہیں کہ 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم دراصل چارٹر آف ڈیموکریسی کا نامکمل ایجنڈا تھا جسے ان ترامیم کے ذریعے مکمل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ان ترامیم کو کاغذی قرار دیتا ہے تو اسے ان کے غیر حقیقی ہونے کا ثبوت بھی پیش کرنا چاہیے۔ بلاول بھٹو ایک سیاسی جماعت کے چیئرمین ہیں اور سیاست میں ان کا اپنا مقام ہے۔ اگر ان کے بیانات سے کسی کو ابہام پیدا ہوا ہے تو انہیں خود وضاحت کرنی چاہیے۔

نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ بلاول بھٹو اپنی پریس کانفرنس میں واضح کر چکے ہیں کہ اس معاملے پر نہ ان سے بات کی گئی اور نہ انہیں اعتماد میں لیا گیا۔

  انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کی تجویز سب سے پہلے اکنامک فورم میں محسن نقوی نے پیش کی تھی جبکہ لاہور کی کاروباری شخصیت میاں عامر نے بھی اس حوالے سے باقاعدہ منصوبہ پیش کیا۔

رانا ثنااللہ نے بتایا کہ اکنامک فورم کے بعد مختلف سیمینارز میں بھی نئے صوبوں کے قیام پر گفتگو ہوئی، تاہم مسلم لیگ ن کی جانب سے کسی اور نے اس معاملے پر بات نہیں کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے قیام کا آئینی اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے۔ جب یہ معاملہ پارلیمنٹ میں پیش ہوگا تو مسلم لیگ ن اپنا مؤقف سامنے رکھے گی۔

editor

Related Articles