پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ایک دلخراش ٹریفک حادثے نے پورے خاندان کو اجاڑ دیا۔ شادی کی تقریب سے واپس آنے والے ایک ہی خاندان کے 11 افراد کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں گھر کا سربراہ، اس کے دونوں بیٹے، بہوئیں اور معصوم پوتے پوتیاں شامل ہیں۔
یہ المناک حادثہ فیصل آباد کے نواحی علاقے رجانہ روڈ پر 468 گ ب کے قریب پیش آیا، جہاں خاندان کی گاڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ گاڑی میں سوار افراد کو سنبھلنے کا موقع نہ ملا اور یکے بعد دیگرے 11 زندگیاں ختم ہوگئیں۔
حادثے کا شکار خاندان فیصل آباد کے نواحی گاؤں 66 دھاندرہ کا رہائشی تھا۔ تمام افراد شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس گھر جا رہے تھے کہ راستے میں موت نے انہیں آ لیا۔
حادثے میں گھر کے سربراہ ذوالفقار احمد، ان کے بیٹے کاشف، کاشف کی 35 سالہ اہلیہ مصباح اور ان کی تین بیٹیاں زینب، علیزہ اور مرحا جاں بحق ہوگئیں۔
اسی گاڑی میں ذوالفقار احمد کے دوسرے بیٹے یاسر کی اہلیہ اور ان کے تین کمسن بچے بھی سوار تھے۔ یاسر کی اہلیہ، پانچ سالہ بیٹی نور، چار سالہ بیٹا احمد اور دو سالہ بیٹا علی اصغر بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
حادثے میں گاڑی چلانے والا ڈرائیور علی بھی جانبر نہ ہوسکا۔ اس طرح ایک ہی خاندان کے 11 افراد کی زندگیوں کا چراغ بجھ گیا۔
اس حادثے کا ایک اور انتہائی افسوسناک پہلو یہ ہے کہ جاں بحق ہونے والی یاسر کی اہلیہ حاملہ تھیں۔ ان کے پیٹ میں موجود بچے کو بچانے کے لیے فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال میں کوششیں کی جا رہی ہیں۔
حادثے کی خبر گاؤں 66 دھاندرہ پہنچی تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔ سینکڑوں افراد غمزدہ خاندان کے گھر کے باہر جمع ہوگئے۔ جب ایک ہی خاندان کے 11 افراد کی میتیں گھر پہنچائی گئیں تو ہر طرف آہ و بکا اور چیخ و پکار سنائی دینے لگی۔
عزیز و اقارب اور اہل علاقہ اپنے پیاروں کی میتیں دیکھ کر دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ شادی کی خوشیوں میں شریک ہونے والا خاندان چند لمحوں میں ایسے سانحے سے دوچار ہوا کہ گھر کے بزرگوں سے لے کر معصوم بچوں تک کوئی واپس نہ لوٹ سکا۔
ایک ہی حادثے میں باپ، بیٹے، بہوؤں اور بچوں کی اموات نے خاندان کی تین نسلوں کو سوگواروں کے لیے چھوڑ دیا۔