بھارتی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے آنے والے کنسرٹ کو ایک بار پھر بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوگئی، جس کے بعد بھارتی حکام میں تشویش پھیل گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دلجیت دوسانجھ کا اگلا کنسرٹ 29 نومبر کو بھارتی شہر بنگلورو کے نیس روڈ گراؤنڈ میں منعقد ہونا ہے، تاہم اس سے قبل حکام کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے، جس میں کنسرٹ کو بم سے اڑانے کی وارننگ دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ ای میل 9 نومبر کو ہبلی دھارواڑ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کے سرکاری ای میل ایڈریس پر بھیجی گئی تھی۔ ای میل میں بچوں کو کنسرٹ میں ساتھ نہ لانے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ دھمکی آمیز پیغام کے آخر میں ’خالصتان زندہ باد‘ کا نعرہ بھی درج تھا۔ واقعے کے بعد کنسرٹ کے مقام اور اطراف میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔
حکام نے ای میل بھیجنے والے شخص کی شناخت کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں اور اس کے پیچھے موجود عناصر کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب کنسرٹ کے منتظمین نے تاحال 29 نومبر کے پروگرام کے شیڈول میں کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا۔