چھوٹے اور درمیانے کاروبار کیلئے بڑی سہولت، وزیراعظم کی بینک قرضوں کے حصول کا طریقہ کار مزید آسان بنانے کی ہدایت

چھوٹے اور درمیانے کاروبار کیلئے بڑی سہولت، وزیراعظم کی بینک قرضوں کے حصول کا طریقہ کار مزید آسان بنانے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو بینکوں سے قرضوں کے حصول میں سہولت فراہم کرنے، مؤثر رہنمائی یقینی بنانے اور قرضوں کے اجرا کا طریقہ کار مزید آسان بنانے کی ہدایت کر دی۔

چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو قرضوں کی فراہمی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ان اداروں کو سہولیات فراہم کرنے سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم نے مالی وسائل تک رسائی، کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی شعبے میں دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو مؤثر رہنمائی اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ جن کاروباری اداروں کا برآمدی ڈیٹا پاکستان سنگل ونڈو پر دستیاب ہے یا جو ایگزم انشورنس اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے سپلائی چین کا حصہ ہیں، ان کے ریکارڈ کو بطور ضمانت استعمال کرتے ہوئے قرضوں کی فراہمی پر غور کیا جائے۔

وزیراعظم نے بینکوں کو کاروباری اداروں کے نقد رقوم کے بہاؤ کو بھی قرضوں کی فراہمی کے لیے متبادل ضمانت کے طور پر زیر غور لانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ایس ایم ایز کو بینک قرضوں کی فراہمی سے متعلق ضوابط کا جائزہ لینے اور قرضوں کے اجرا کا عمل تیز کرنے کے لیے بینکوں کو سرکاری اداروں کے پاس موجود متعلقہ ڈیٹا تک رسائی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بینک کاروباری اداروں کو قرضوں کی فراہمی کے ساتھ لیٹر آف کریڈٹ (ایل سیز) کے اجرا اور بینک گارنٹیز کی فراہمی میں بھی معاونت کریں، جبکہ قرضوں کی فراہمی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بینک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو قرضوں کی فراہمی تیز کرنے کے لیے اپنی ادارہ جاتی استعداد بڑھا رہے ہیں۔

بینکوں نے جون 2028 تک ایس ایم ایز کو 2 ہزار ارب روپے کے قرضے فراہم کرنے اور قرض حاصل کرنے والے کاروباری اداروں کی تعداد 7 لاکھ 75 ہزار تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مقررہ ہدف میں 886 ارب روپے کے نئے قرضوں کا اجرا اور 4 لاکھ 49 ہزار نئے قرض گیر کاروباری اداروں کو مالی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، ریاض حسین پیرزادہ، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، نیشنل بینک، بینک الفلاح اور بینک آف پنجاب کے سربراہان سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

گزشتہ ہفتے وزیراعظم نے ضلعی سطح پر ایس ایم ایز کے لیے سہولت مراکز قائم کرنے کی منظوری دی تھی، جن کے پائلٹ منصوبے لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں شروع کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے اکتوبر میں بھی حکام کو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے قرضوں کی فراہمی 2028 تک 1100 ارب روپے سے بڑھا کر 2200 ارب روپے کرنے کی ہدایت کی تھی۔

Related Articles