چارسدہ میں جے یو آئی کا احتجاج، دل کی مریضہ کو اسپتال لے جانے کیلئے شہری کی دہائیاں، دس مریض بھی مر جائیں، راستہ نہیں کھولیں گے، کارکنوں کا جواب

چارسدہ میں جے یو آئی کا احتجاج، دل کی مریضہ کو اسپتال لے جانے کیلئے شہری کی دہائیاں،  دس مریض بھی مر جائیں، راستہ نہیں کھولیں گے، کارکنوں کا جواب

پشاور موٹروے پر چارسدہ کے مقام پر جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج کے دوران سڑک کی بندش کے باعث ایک شہری کو اپنی بیمار والدہ کو اسپتال منتقل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک  شہری نے احتجاج میں شریک کارکنوں سے التجا کی کہ اس کی والدہ دل کی مریضہ ہیں اور انہیں علاج کے لیے پشاور کے اسپتال منتقل کرنا ہے، لہٰذا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس کی گاڑی کو گزرنے کی اجازت دی جائے۔

شہری کی درخواست پر احتجاج میں شریک ایک کارکن نے  جواب دیا کہ اللہ کرے آپ کی والدہ یہاں اسی وقت مر جائیں، دس مریض اور بھی مر جائیں، ہم پھر بھی راستہ نہیں کھولیں گے اور کسی ایک گاڑی کو بھی گزرنے نہیں دیں گے۔

شہری نے مظاہرین سے بار بار التجا کی کہ اس کی ملاقات کسی قائد یا رہنما سے کرا دی جائے تاکہ وہ اپنی بیمار والدہ کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے راستہ کھولنے کی درخواست کر سکے۔

تاہم احتجاج میں شریک کارکنوں نے شہری کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے وہاں سے چلے جانے کو کہا اور واضح کیا کہ کسی ایک گاڑی کو بھی گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شہریوں نے جمعیت علما اسلام اور فضل الرحمن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ اسلام تو حقوق العباد کا درس دیتا ہے لیکن  فضل الرحمن اور ان کے کارکنان گزشتہ روز سے مختلف شہروں میں سڑکیں بند کرکے عوام کو تکلیف میں مبتلا کررہے ہیں جو اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ 

Related Articles