خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں پلیسر گولڈ مائننگ کے مؤثر انتظام، غیر قانونی کان کنی کی روک تھام اور قانونی، انتظامی و عملی معاملات کا جائزہ لینے کے لیے ٹاسک فورس قائم کر دی، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹاسک فورس چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی نگرانی میں کام کرے گی، جبکہ سیکریٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور اس کے چیئرمین ہوں گے۔
ٹاسک فورس میں صوبائی انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سینٹر، محکمہ معدنیات، محکمہ قانون، محکمہ ماحولیات، فرنٹیئر کور نارتھ، کوہاٹ ٹاسک فورس، ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی کے نمائندے شامل ہوں گے۔
ٹاسک فورس کو پلیسر گولڈ مائننگ سے متعلق موجودہ قانونی ڈھانچے کا جائزہ لینے اور خیبرپختونخوا کے لیے علیحدہ قانون کا مسودہ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق غیر قانونی کان کنی کی روک تھام، مجاز کان کنی کے علاقوں کے تحفظ اور کان کنی کے تمام امور پر مؤثر حکومتی نگرانی یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔
سونے کی کان کنی سے وابستہ افراد، ٹھیکیداروں، مزدوروں، مشینری اور گاڑیوں کی رجسٹریشن و تصدیق کے ساتھ سونے کی پیداوار اور نقل و حرکت کی ڈیجیٹل نگرانی کا نظام بھی تجویز کیا جائے گا۔
ٹاسک فورس سونے کی ترسیل، ذخیرہ کرنے، خرید و فروخت اور آمدن کے نظام میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی، جبکہ اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور سرکاری محصولات کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
