فضل الرحمان کی احتجاجی گاڑی کو عوامی حمایت کا پٹرول نہ مل سکا، جے یو آئی رہنما ازخود گرفتاریاں دے کر دھکا لگانے لگے

فضل الرحمان کی احتجاجی گاڑی کو عوامی حمایت کا پٹرول نہ مل سکا، جے یو آئی رہنما ازخود گرفتاریاں دے کر دھکا لگانے لگے

 جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ملک گیر احتجاج اور اہم شاہراہوں کی بندش کی کال کے باوجود خیبرپختونخوا میں احتجاجی مظاہروں میں محدود تعداد میں کارکنوں کی شرکت دیکھنے میں آئی، جبکہ مختلف اضلاع میں پارٹی رہنماؤں اور عہدیداران نے ازخود پولیس کو گرفتاریاں پیش کرنا شروع کردیں۔

رپورٹس  کے مطابق رضاکارانہ گرفتاریاں پیش کرنے والوں میں جمعیت علمائے اسلام خیبرپختونخوا کے صوبائی نائب امیر مفتی فضل غفور سمیت متعدد پارٹی رہنما اور ضلعی عہدیداران شامل ہیں۔ محدود عوامی شرکت کے بعد پارٹی رہنماؤں کی جانب سے ازخود گرفتاریوں نے جے یو آئی کی احتجاجی حکمت عملی اور سیاسی قوت پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز پشاور میں جے یو آئی کے احتجاج کے دوران ایم ون موٹروے بند کرنے اور ٹائر جلانے کے واقعے پر پولیس نے سخت ایکشن لیتے ہوئے تھانہ چمکنی میں مقدمہ درج کرکے 22 سے زائد کارکنوں اور مقامی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی آر کے مطابق احتجاج کے دوران 180 سے 200 کارکنوں اور رہنماؤں نے سڑکوں پر ٹائر جلائے اور پشاور کے مقام پر ایم ون موٹروے کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس کے باعث مسافروں، ٹرانسپورٹرز اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہریوں کی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے، موٹروے کی بندش اور ہنگامہ آرائی پر تھانہ چمکنی پولیس نے قانون کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا، جس میں جے یو آئی کے 16 رہنماؤں اور کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ فراہم کردہ پولیس ذرائع کی معلومات کے مطابق اب تک 22 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے حراست میں لیا جا چکا ہے۔

 رپورٹس کے مطابق تھانہ چمکنی میں مقدمہ ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں جے یو آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سینیٹر مولانا عطاء الحق درویش، رکن صوبائی اسمبلی اعجاز محمد اور صوبائی ترجمان جلیل جان سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں دفعات 148، 149 اور 341 شامل کی گئی ہیں۔ 

پشاور میں مظاہرین نے پہلے رنگ روڈ اور بعدازاں موٹروے پر احتجاج کیا، جس سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے اور شاہراہ کھلوانے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی، جبکہ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ 

پولیس کارروائی کے بعد ایم ون موٹروے پر ٹریفک بحال کردی گئی، جبکہ ملک کے مختلف شہروں اور شاہراہوں پر جاری جے یو آئی کے احتجاج اور دھرنے بھی ختم ہوگئے۔ 

واضح رہے کہ فضل الرحمان نے 26 نومبر کو سرگودھا میں پارٹی اجتماع کے انعقاد پر پابندی اور پارٹی رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال دیتے ہوئے کارکنوں کو اہم شاہراہیں بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم سرگودھا میں مقررہ اجتماع بھی منعقد نہ ہوسکا۔ 

Related Articles