بھارتی اینکر کی زبان پھسل گئی، گرمی سے بچاؤ کے لیے گھروں میں انسولین لگوا دی

بھارتی اینکر کی زبان پھسل گئی، گرمی سے بچاؤ کے لیے گھروں میں انسولین لگوا دی

بھارتی ٹی وی نیوز اینکر روبیکا لیاقت یورپ میں شدید گرمی کی وجوہات بیان کرتے ہوئے ایک لفظ کی غلطی کر بیٹھیں، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید اور طنز کا نشانہ بنا لیا۔

حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں یورپ کی گرمی کی لہر پر گفتگو کرتے ہوئے روبیکا لیاقت نے وہاں درجہ حرارت میں اضافے اور شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کی مختلف وجوہات بیان کیں۔

انہوں نے نمی کو گرمی کی شدت کی ایک اہم وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپ میں ہیٹ ویو کے دوران ہوا کی آمد و رفت متاثر ہوتی ہے، جس کے باعث پسینہ جلد خشک نہیں ہوتا اور جسم میں گھٹن محسوس ہوتی ہے۔

تاہم ان کی گفتگو اس وقت سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی جب انہوں نے یورپی گھروں کی تعمیر میں استعمال ہونے والے ایک خاص مواد کا ذکر کرتے ہوئے اسے ’انسولین‘ قرار دے دیا۔

دراصل وہ ’انسولیشن‘ (Insulation) کہنا چاہ رہی تھیں، جو عمارتوں کو بیرونی درجہ حرارت اور گرمی سے بچانے کے لیے استعمال ہونے والا مواد ہوتا ہے۔ جبکہ انسولین (Insulin) ایک ہارمون ہے جو جسم میں خون کی شکر کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے اور ذیابیطس کے علاج میں استعمال ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:75 سالہ شخص اور 63 سالہ خاتون کی محبت نے بڑھاپے میں نئی مثال قائم کر دی

روبیکا لیاقت نے یورپی گھروں میں ایئر کنڈیشنر کی عدم موجودگی کی وجہ بھی بیان کی۔ ان کے مطابق یورپ کے سرد موسم کے باعث وہاں گھروں میں عموماً اے سی نصب نہیں کیے جاتے، جبکہ بعض مقامات پر اے سی لگانے کے حوالے سے سخت ضوابط بھی موجود ہیں۔

ان کے انسولین والے بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے اور لفظوں کی اس غلطی پر طنز کیا۔ واضح رہے کہ یورپ میں گرمی کی لہر سے متعلق روبیکا لیاقت کا یہ پہلا بیان نہیں جو سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آیا ہو۔

اس سے قبل رواں ماہ ان کی ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت میں آلودگی شہریوں کو گرمی سے محفوظ رکھتی ہے، جبکہ یورپ کی صاف ہوا سورج کی روشنی کو جلد کے لیے زیادہ نقصان دہ بناتی ہے۔ اس بیان پر بھی انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید اور طنز کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

editor

Related Articles