ٹیکس دہندگان کے لیے نیا نظام متعارف، ایف بی آر میں آمنے سامنے پیشی ختم

ٹیکس دہندگان کے لیے نیا نظام متعارف، ایف بی آر میں آمنے سامنے پیشی ختم

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس اپیلوں کے نظام میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت اب ٹیکس دہندگان کی اپیلوں کی سماعت فیس لیس نظام کے تحت ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کی جائے گی۔

ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں نئی ترامیم جاری کر دی ہیں، جن میں اپیلز ونگ کے قیام اور فیس لیس اپیلوں کے لیے نیا باب شامل کیا گیا ہے۔

نئے نظام کے تحت انکم ٹیکس اپیلیں ایف بی آر کے ای پورٹل کے ذریعے دائر کی جائیں گی، جبکہ ان کی تقسیم خودکار، رینڈم اور متحرک طریقے سے ہوگی۔ اپیل سننے والے کمشنر اپیلز کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:مشرق وسطیٰ کشیدگی کے اثرات، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بلند سطح پربرقرار

کمشنر اپیلز کی شناخت بھی خفیہ رہے گی

نئے طریقہ کار کے مطابق سماعت کے دوران کمشنر اپیلز کا چہرہ دکھائی نہیں دے گا اور ان کی آواز بھی تبدیل کی جائے گی۔ اپیل کنندگان اور متعلقہ حکام کی ذاتی پیشی پر پابندی ہوگی، جبکہ تمام نوٹسز، جوابات، دلائل اور شواہد الیکٹرانک طریقے سے جمع کرائے جائیں گے۔

ٹیکس دہندگان کو تحریری دلائل کی بنیاد پر فیصلہ حاصل کرنے کا اختیار بھی دیا جائے گا۔ تاہم جن افراد کو انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں، وہ قریبی فیلڈ آپریشنز ونگ میں جا کر سماعت میں شریک ہو سکیں گے۔

اپیلوں کے فیصلوں میں شفافیت کے لیے اقدامات

ایف بی آر کی ترامیم کے مطابق آڈٹ، اسیسمنٹ یا متنازع حکم جاری کرنے والا افسر متعلقہ اپیل کا فیصلہ نہیں کر سکے گا۔ اپیلز ونگ ایف بی آر کے ممبر لیگل ان لینڈ ریونیو کے انتظامی کنٹرول میں کام کرے گا، جبکہ سینٹر کا کوئی افسر کمشنر اپیلز کو فیصلے کے حوالے سے ہدایات نہیں دے سکے گا۔

اپیلوں کے فیصلے ڈیجیٹل شناختی نمبر (DIN) کے ساتھ جاری کیے جائیں گے۔ ای پورٹل میں تکنیکی خرابی کے باعث اپیل دائر کرنے میں ہونے والی تاخیر کو بھی معقول وجہ تصور کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:نوجوانوں کیلئے قرض اسکیم میں اہم تبدیلیاں،قرضوں کی حد 75 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی گئی

نئے قواعد کے تحت سماعت شروع ہونے کے بعد اپیل کسی دوسرے کمشنر کو منتقل کرنے کے لیے تحریری وجوہ ریکارڈ کرنا لازمی ہوگا۔ اگر اپیل کی منتقلی کی درخواست دی جائے تو اپیل کنندہ کو دوبارہ سماعت کا حق حاصل ہوگا۔

نئے نظام کا اطلاق کب ہوگا؟

فیس لیس اپیلوں کے نئے نظام کا اطلاق ایف بی آر کی جانب سے سرکاری گزٹ میں مقرر کردہ تاریخ سے ہوگا۔ مختلف نوعیت کی اپیلوں کے لیے نفاذ کی الگ الگ تاریخیں بھی مقرر کی جا سکیں گی۔

پہلے سے زیر التوا اپیلیں متعلقہ کمشنر اپیلز ہی نمٹائیں گے، تاہم ایف بی آر بورڈ انہیں اپیلز ونگ منتقل کرنے کا اختیار رکھے گا۔ واضح رہے کہ نئے نظام کے باوجود متاثرہ ٹیکس دہندگان کا اپیلیٹ ٹربیونل میں براہ راست اپیل دائر کرنے کا اختیار برقرار رہے گا۔

editor

Related Articles