خیبرپختونخوا بالخصوص قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنے اور تعلیم، روزگار سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے پشاور پریس کلب میں گرینڈ یوتھ جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوان طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ٹرائبل یوتھ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے اشتراک سے منعقدہ جرگے میں نوجوانوں کو درپیش مسائل، چیلنجز، دستیاب مواقع، نمائندگی اور بااختیاری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جرگے میں ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا نعمان مجاہد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈویلپمنٹ کنسلٹنٹ و پالیسی اینالسٹ اسلام وزیر، ایڈووکیٹ جویریہ، پاکستان پیپلز پارٹی یوتھ ونگ کے سینئر رہنما ولید ہاشمی سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک ہوئے۔
جرگے سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے ٹرائبل یوتھ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے مرکزی صدر مرتضیٰ محسود نے نوجوانوں کو درپیش مسائل، تعلیم، روزگار، دستیاب مواقع اور مختلف فورمز پر ان کی شمولیت کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور فیصلہ سازی کے عمل میں ان کی مؤثر نمائندگی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈائریکٹر یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا نعمان مجاہد نے صوبائی حکومت اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کی جانب سے نوجوانوں کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات، جاری پروگراموں اور مستقبل کے وژن پر روشنی ڈالی۔
ڈویلپمنٹ کنسلٹنٹ اور پالیسی اینالسٹ اسلام وزیر نے نوجوانوں کی ترقی، نمائندگی، روزگار اور بااختیاری کے لیے مؤثر پالیسی سازی کی اہمیت اجاگر کی، جبکہ ایڈووکیٹ جویریہ نے نوجوان خواتین کو درپیش مسائل، مختلف شعبوں میں ان کی شمولیت اور بااختیاری کے حوالے سے گفتگو کی۔
پیپلز پارٹی یوتھ ونگ کے سینئر رہنما ولید ہاشمی نے قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو درپیش مسائل، چیلنجز اور ان کے حل کے لیے ممکنہ اقدامات پر اظہار خیال کیا۔
جرگے میں نوجوانوں کی فیصلہ سازی میں شمولیت، تعلیم، فنی تربیت، روزگار، کاروباری مواقع، خواتین کی نمائندگی، کھیل، ثقافت، سیاحت اور قیام امن میں نوجوانوں کے کردار سمیت مختلف اہم امور زیر بحث آئے۔
اس موقع پر خیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاک فوج اور تمام سیکیورٹی اداروں کی کوششوں کو سراہا گیا، جبکہ قیام امن کے لیے ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔
جرگے کے اختتام پر مرتضیٰ محسود نے اعلان کیا کہ نوجوانوں کی جانب سے پیش کی جانے والی تمام سفارشات اور مطالبات اعلیٰ حکام، صوبائی اور وفاقی حکومتوں تک پہنچائے جائیں گے اور ان کے حل کے لیے مزید عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے حقوق، نمائندگی، مسائل کے حل اور بااختیاری کے لیے مستقبل میں بھی جرگوں، سیمینارز اور مشاورتی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوانوں کی آواز مؤثر انداز میں متعلقہ فورمز تک پہنچائی جا سکے۔
