بھارتی کامیڈین اور معروف یوٹیوبر سمے رائنا نے یوٹیوب پر ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ملین بامعاوضہ چینل ممبرز کا سنگِ میل عبور کرلیا ہے، جس کے بعد وہ اس اعزاز کو حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے کری ایٹر بن گئے ہیں۔
یوٹیوب نے بھی اس کامیابی کی تصدیق کرتے ہوئے اسے اپنے پلیٹ فارم کی کری ایٹر کمیونٹی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔ گوگل انڈیا کے بلاگ پر جاری بیان کے مطابق سمے رائنا نے کامیڈی، شطرنج اور ناظرین کی براہِ راست شرکت پر مبنی مواد کے ذریعے اپنی ایک مضبوط آن لائن کمیونٹی بنائی ہے۔
یوٹیوب نے شطرنج کے عالمی سطح کے کھلاڑیوں کے ساتھ ان کی گفتگو اور ان کے مقبول شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ کو بھی ان کی کامیابی کی اہم وجوہات میں شامل کیا۔
سمے رائنا اپنے یوٹیوب چینل پر تین مختلف بامعاوضہ ممبرشپ پیکجز پیش کرتے ہیں۔ ان میں ’سمے کے دوست‘ کی ماہانہ فیس 59 بھارتی روپے، ’سمے کے خاص‘ کی 599 روپے جبکہ ’سائلنٹ سپورٹر‘ کی ممبرشپ 1999 بھارتی روپے ماہانہ ہے۔
ان کے یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک کروڑ 24 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ ایک ملین پیڈ ممبرز اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ان کے مداح خصوصی مواد اور اپنے پسندیدہ کری ایٹر کی حمایت کے لیے بھی رقم خرچ کرنے کو تیار ہیں۔
یوٹیوب کے مطابق بھارت میں بھی بامعاوضہ ممبرشپ کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ جون 2026 میں 12 لاکھ سے زیادہ مداحوں نے کم از کم ایک یوٹیوب چینل کی ممبرشپ خریدی، جبکہ اسی مہینے بھارتی کری ایٹرز کی ممبرشپ سے حاصل ہونے والی آمدنی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 25 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔
تنازعات سے عالمی ریکارڈ تک کا سفر
سمے رائنا کی یہ کامیابی اس لیے بھی اہم ہے کہ انہیں گزشتہ برس ایک بڑے تنازع کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ فروری 2025 میں ان کے شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ کی ایک قسط میں یوٹیوبر رنویر الہ آبادیا کے متنازع تبصرے نے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کو جنم دیا تھا۔
اس معاملے پر سمے رائنا، رنویر الہ آبادیا اور پروگرام میں شریک دیگر افراد کے خلاف متعدد پولیس شکایات بھی درج ہوئیں، جس کے بعد متعلقہ افراد کو معذرت کرنا پڑی۔
تنازع شدت اختیار کرنے پر سمے رائنا نے اپنے یوٹیوب چینل سے شو کی تمام اقساط ہٹا دیں اور کچھ عرصے کے لیے اس فارمیٹ سے دور ہوگئے۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے اسٹینڈ اپ کامیڈی اسپیشل ’اسٹل الائیو‘ کے ذریعے واپسی کی کوشش کی۔
سال 2026 میں ان کا مقبول شو ’انڈیاز گاٹ لیٹنٹ‘ نیٹ فلکس کے اشتراک سے دوسرے سیزن کے ساتھ واپس آیا۔ سیزن کے اختتامی پروگرام میں انہوں نے شو کے مستقبل اور تنازعات کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر بھی گفتگو کی۔
یوں تنازعات، تنقید اور عارضی وقفے کے بعد ایک ملین بامعاوضہ ممبرز کا حصول سمے رائنا کے ڈیجیٹل کیریئر کی ایک بڑی کامیابی بن گیا ہے۔ یہ کامیابی بھارت میں یوٹیوب کری ایٹرز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور مداحوں کی جانب سے اپنے پسندیدہ مواد کے لیے براہِ راست مالی معاونت کے بڑھتے ہوئے رجحان کو بھی ظاہر کرتی ہے