زندہ دلانِ لاہور کے لیے سانس لینا بھی دشوار؛ اسموگ کی شدت میں خطرناک اضافہ، بچوں، بزرگوں اور دل و سانس کے مریضوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی
Home - آزاد انتخاب - زندہ دلانِ لاہور کے لیے سانس لینا بھی دشوار؛ اسموگ کی شدت میں خطرناک اضافہ، بچوں، بزرگوں اور دل و سانس کے مریضوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی
لاہور میں فضائی آلودگی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 330 تک پہنچ گیا، جس کے بعد فضا کو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دے دیا گیا۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز اور باہر جاتے وقت ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور میں اسموگ اور فضائی آلودگی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، شہر کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار بڑھنے کے باعث ایئر کوالٹی انڈیکس 330 ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی غیر صحت بخش سطح میں شمار ہوتا ہے۔ آلودگی کی موجودہ صورت حال کے باعث شہریوں، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس و دل کے امراض میں مبتلا افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق گاڑیوں اور صنعتی یونٹس سے نکلنے والا دھواں فضائی آلودگی کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور آلودہ فضا میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔
دوسری جانب لاہور میں آج موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
بارش نہ ہونے اور خشک موسم کے باعث فضائی آلودگی میں کمی کے امکانات محدود رہنے کا خدشہ ہے، جس سے شہریوں کو اسموگ کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دھند کے باعث متعدد موٹرویز ٹریفک کے لیے بند
ادھر پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز کے متعدد حصے ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون برہان سے پشاور ٹال پلازہ تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے، جبکہ موٹروے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک ٹریفک کے لیے بند ہے۔
موٹروے ایم ٹو پر سالم انٹرچینج سے ٹریفک کا رخ جنوب کی جانب موڑ دیا گیا ہے، جبکہ موٹروے ایم تھری پر فیض پور انٹرچینج سے ٹریفک کا رخ شمال کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک دھند کے باعث بند ہے، جبکہ موٹروے ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کی جانب سے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں کی رفتار کم رکھیں، فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔