امریکا میں تھینکس گیونگ ڈے کی خوشیاں شدید سمندری طوفان اور موسلادھار بارشوں نے پھیکی کردیں، مشرقی ساحلی ریاستوں میں طوفانی ہواؤں اور سیلاب نے نظامِ زندگی درہم برہم کردیا۔
طوفان کے باعث 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ فضائی اور زمینی سفر بھی بری طرح متاثر ہوا۔ ملک بھر میں 3500 کے قریب پروازیں متاثر ہوئیں جن میں 500 منسوخ اور 3000 تاخیر کا شکار ہوئیں۔
نیو یارک اور واشنگٹن ڈی سی کے ہوائی اڈے خراب موسم سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ ریگن ایئرپورٹ کے رن ویز پر سیلابی پانی جمع ہوگیا جبکہ نیو یارک کے لاگارڈیا ایئرپورٹ پر حفاظتی اقدامات کے تحت پروازیں عارضی طور پر روکنا پڑیں۔
مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد پروازوں کا شیڈول متاثر ہوگیا۔
لاکھوں صارفین بجلی سے محروم
پنسلوینیا میں 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد، نیو جرسی میں ایک لاکھ 79 ہزار، میری لینڈ میں ایک لاکھ 39 ہزار اور ورجینیا میں ایک لاکھ 6 ہزار صارفین کی بجلی منقطع ہوئی۔
مسوری میں ایک لاکھ جبکہ نیو یارک میں 68 ہزار سے زیادہ گھروں اور کاروباری مراکز کو بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
طوفانی ہواؤں سے تباہی
شدید بارشوں کے باعث زمین نرم پڑگئی جبکہ 50 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے درختوں کو جڑوں سے اکھاڑ دیا۔ کئی مقامات پر درخت بجلی کی تاروں اور کھمبوں پر گرنے سے بجلی کا نظام متاثر ہوا۔
ساحلی سیلاب اور تیز ہواؤں کے باعث پنسلوینیا اور نیو جرسی کو ملانے والا کموڈور بیری برج بند کردیا گیا۔ میری لینڈ کے متعدد پلوں پر بھی ٹریفک روک دی گئی۔
100 سالہ روایت بھی متاثر
خراب موسم نے نیو یارک کی مشہور میسیز تھینکس گیونگ ڈے پریڈ کو بھی متاثر کیا۔ شدید موسمی خطرات کے پیش نظر اپنی 100 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پریڈ ملتوی کرکے ہفتہ 28 نومبر تک مؤخر کردی گئی۔
نیو یارک اور نیو جرسی کے گورنرز نے سیلاب اور طوفان کے خطرے کے پیش نظر ہنگامی حالت نافذ کردی۔ نیو یارک شہر اور ورجینیا میں سیلابی پانی میں پھنسی گاڑیوں سے درجنوں افراد کو ریسکیو کیا گیا۔
دوسری جانب مشرقی ساحلی علاقوں میں بارش اور سمندری لہروں نے مشکلات بڑھائیں تو وسط مغربی ریاست مسوری میں شدید برف باری ریکارڈ کی گئی۔
یوں امریکا میں تہوار کے موقع پر آنے والے شدید طوفان نے لاکھوں شہریوں کی خوشیوں کو مشکلات میں بدل دیا اور ملک کے کئی حصوں میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔