44 سال پرانا گاناجی ٹی اے 6 میں شامل، گلوکارہ کی قسمت چمک اٹھی

44 سال پرانا گاناجی ٹی اے 6 میں شامل، گلوکارہ کی قسمت چمک اٹھی

1982 میں ریلیز ہونے والا گانا ’آج شنیبار‘ ویڈیو گیم جی ٹی اے6 کے ساؤنڈ ٹریک کا حصہ بن گیا، 71 سالہ گلوکارہ روپا بسواس اس غیر متوقع کامیابی پر حیران اور خوش ہیں۔

ویڈیو گیمز کی دنیا میں مقبول ترین ناموں میں شمار ہونے والی گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 نے ایک پرانے بنگالی ڈسکو گانے کو ایک بار پھر عالمی توجہ دلا دی ہے۔

1982 میں ریلیز ہونے والا گانا ’آج شنیبار‘ اب جی ٹی اے6 کے ساؤنڈ ٹریک میں شامل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد اس گانے کی گلوکارہ روپا بسواس کو 4 دہائیوں سے زائد عرصے بعد ایک بار پھر عالمی سطح پر پہچان مل رہی ہے۔

71 سالہ بھارتی گلوکارہ کا یہ گانا ان کی پہلی البم ’ڈسکو جاز‘ کا حصہ تھا، جو 1982 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اب یہ گانا جی ٹی اے6 کے ان گیم ریڈیو اسٹیشن ’ورلڈ وائیڈ ایف ایم‘ پر سنائی دے گا۔ گیم کھیلنے والے صارفین فرضی امریکی ریاست لیونیڈا میں سفر کے دوران اس موسیقی سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:اینوڈیا کے سربراہ کی پہچان بننے والی جیکٹ کی دلچسپ کہانی

گلوکارہ کو گیم میں گانا شامل ہونے کا کیسے معلوم ہوا؟

روپا بسواس نے اپنے گانے کی GTA 6 میں شمولیت پر خوشی اور حیرت کا اظہار کیا ہے۔ ایک بھارتی میگزین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس خبر پر بہت جذباتی ہیں۔ انہیں خود بھی معلوم نہیں کہ ان کا گانا ویڈیو گیم تک کیسے پہنچا۔

ان کے مطابق ان کے گانوں کے لائسنس رکھنے والی ریکارڈ کمپنی نے ’آج شنیبار‘ کوجی ٹی اے6 کے لیے پیش کیا تھا، تاہم انہیں اس پورے عمل کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔

گلوکارہ نے بتایا کہ انہیں اس خبر کا علم بھی حال ہی میں ہوا، جب ان کے بیٹے دیبیان اور بہو سومیٹا نے فون کرکے انہیں یہ خوشخبری سنائی۔ یوں 4 دہائیوں سے زیادہ پرانا بنگالی ڈسکو گانا ایک بار پھر نئی نسل کے سامنے آ رہا ہے۔جی ٹی اے6 جیسے عالمی سطح پر مقبول گیم میں شمولیت نے روپا بسواس کی موسیقی کو نئے سامعین تک پہنچانے کا موقع فراہم کیا ہے۔

editor

Related Articles