اب بیرون ملک سفر کرنے والے صارفین واٹس ایپ کے ذریعے ہی ٹریول ای سم خرید اور انسٹال کر سکیں گے، اپنا پرانا نمبر بھی برقرار رکھ سکیں گے۔
واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے بیرون ملک سفر کے دوران موبائل انٹرنیٹ استعمال کرنا مزید آسان ہو جائے گا۔
میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ نے ٹریول ای سم کے نام سے نیا فیچر پیش کیا ہے، جس کی آزمائش گزشتہ دنوں شروع کی گئی تھی۔ اب اسے باضابطہ طور پر صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کی مدد سے صارفین واٹس ایپ کے اندر ہی مختلف ممالک کے لیے موبائل ڈیٹا پلان خرید سکیں گے اور انہیں انسٹال بھی کر سکیں گے۔
اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ بیرون ملک پہنچنے پر صارفین کو مقامی سم کارڈ خریدنے یا اپنی موجودہ سم تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ نئے فیچر کے ذریعے صارفین کسی دوسرے ملک کے مقامی موبائل نیٹ ورک سے منسلک ہونے کے باوجود اپنا موجودہ واٹس ایپ نمبر استعمال کر سکیں گے۔
اس سہولت سے خاص طور پر ان افراد کو فائدہ ہوگا جو اکثر بیرون ملک سفر کرتے ہیں اور انہیں مہنگے انٹرنیشنل رومنگ چارجز، مقامی سم کی تلاش اور ایئرپورٹس پر انٹرنیٹ کنکشن کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
کن ممالک میں دستیاب ہوگا؟
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس فیچر کو ابتدائی مرحلے میں مخصوص ممالک میں متعارف کرایا جائے گا، تاہم کمپنی نے ابھی ان ممالک کے نام ظاہر نہیں کیے۔
اس سہولت کے لیے میٹا نے مختلف ای سم فراہم کرنے والی کمپنیوں اور ٹیلی کام اداروں کے ساتھ شراکت داری بھی کی ہے۔دوسری جانب ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق، جن علاقوں میں یہ فیچر دستیاب ہوگا وہاں صارفین کو واٹس ایپ کے اکاؤنٹ سیکشن میں ٹریول ای سم کا آپشن نظر آ سکتا ہے۔
تاہم اس فیچر کے استعمال کے لیے ضروری ہوگا کہ صارف کا اسمارٹ فون ای سم ٹیکنالوجی کو سپورٹ کرتا ہو۔ یوں واٹس ایپ صرف پیغام رسانی تک محدود رہنے کے بجائے صارفین کو سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب بھی ایک اہم قدم اٹھا رہا ہے۔