سائبر حملوں کا خطرہ،پاکستان نے اہم قومی تنصیبات کے تحفظ کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا

سائبر حملوں کا خطرہ،پاکستان نے اہم قومی تنصیبات کے تحفظ کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا

پاکستان کے اہم قومی انفرا اسٹرکچر کو سائبر حملوں سے محفوظ بنانے کے لیے اسلام آباد میں پہلی آپریشنل ٹیکنالوجی سائبر سکیورٹی سمٹ منعقد ہوئی  جس میں توانائی، تیل و گیس، صنعت اور ٹیلی کمیونیکیشن کے اہم شعبوں کو درپیش ڈیجیٹل خطرات سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

سمٹ میں حکومتی ریگولیٹرز، صنعتی اداروں کے نمائندوں، پالیسی سازوں اور سائبر سکیورٹی کے ماہرین نے شرکت کی۔

 یہ بھی پڑھیں :امریکا کا کوئی اہم نظام محفوظ نہ رہا؟ فضائی آپریشن، بینکوں کے بعد محکمہ زراعت بھی سائبر حملے کی زد میں، زرعی نظام ٹھپ

شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے اہم قومی نظاموں کو سائبر حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے محض پالیسیوں اور ضابطوں کی تیاری کافی نہیں بلکہ انہیں عملی طور پر نافذ کرنا بھی ضروری ہے۔

یہ سمٹ ائیر یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اس کا اہتمام او ٹی ایسوسی ایٹس نے ائیر یونیورسٹی اور نیشنل سینٹر فار سائبر سکیورٹی کے اشتراک سے کیا۔

اجلاس میں قومی اہمیت کے حامل صنعتی نظاموں کو سائبر خطرات سے محفوظ رکھنے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خصوصاً بجلی اور توانائی کی فراہمی، تیل و گیس کے نظام، صنعتی پیداوار اور مواصلاتی نیٹ ورکس کی حفاظت کو اہم موضوعات میں شامل کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ جدید دور میں سائبر حملوں کا خطرہ صرف کمپیوٹرز اور انٹرنیٹ تک محدود نہیں رہا بلکہ صنعتی مشینری، خودکار نظاموں اور قومی خدمات سے منسلک ٹیکنالوجی بھی ان خطرات کی زد میں آ سکتی ہے ۔

سمٹ میں آپریشنل ٹیکنالوجی (او ٹی) کے تحفظ کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے بجلی گھروں، صنعتی پلانٹس، تیل و گیس کی تنصیبات اور دیگر اہم نظاموں کو کنٹرول اور مانیٹر کیا جاتا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں ؛مشرق وسطیٰ میں نیا سکیورٹی نظام؟ ایران نے چین کی تجویز کی حمایت کردی

شرکا نے اس بات کی ضرورت پر بھی زور دیا کہ سائبر سکیورٹی کے شعبے میں مقامی صلاحیتوں کو فروغ دیا جائے اور صنعتی ضروریات کے مطابق تربیت یافتہ ماہرین تیار کیے جائیں۔

؎ اس مقصد کے لیے تعلیمی اداروں، صنعتی شعبے اور متعلقہ حکومتی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کی اہمیت اجاگر کی گئی۔

اجلاس میں پالیسی سازی سے لے کر عملی اقدامات تک مربوط حکمت عملی اپنانے پر زور دیا گیا تاکہ سائبر خطرات کی بروقت نشاندہی، ممکنہ حملوں کی روک تھام اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنائی جا سکے۔

پاکستان میں پہلی آپریشنل ٹیکنالوجی سائبر سکیورٹی سمٹ کا انعقاد ایسے وقت میں اہم پیش رفت ہے جب قومی معیشت، صنعتی پیداوار اور بنیادی سہولتوں کا انحصار جدید ٹیکنالوجی پر بڑھ رہا ہے۔

قومی انفرا اسٹرکچر کا تحفظ اب صرف تکنیکی معاملہ نہیں بلکہ ملکی سلامتی اور معاشی استحکام سے بھی جڑا ہوا ہے۔

editor

Related Articles