ناروے کی بجٹ ایئرلائن نارس اٹلانٹک ایئرویز نے مالی بحران کے باعث اپنا کاروبار مستقل طور پر بند کر دیا۔ کمپنی کے مرکزی آپریٹنگ یونٹ کی جانب سے دیوالیہ پن کی درخواست دائر کیے جانے کے بعد تمام پروازیں اور ٹکٹوں کی فروخت روک دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق ایران جنگ کے نتیجے میں ایندھن کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے ایئرلائن کے مالی مسائل مزید سنگین کر دیے۔
کمپنی پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار تھی تاہم ایندھن کے بڑھتے اخراجات نے اس کے لیے کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنا مشکل بنا دیا۔
کمپنی کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے ہنگامی فنڈز بھی دستیاب نہ ہوسکے۔ بالآخر انتظامیہ کو دیوالیہ پن کی کارروائی شروع کرنا پڑی اور فضائی آپریشن مستقل طور پر بند کر دیا گیا۔
ایئرلائن کی بندش کے ساتھ ہی اس کی کسٹمر سروس بھی ختم ہوچکی ہے۔ اس صورتحال سے متاثرہ مسافروں کو اپنی پروازوں سے متعلق معلومات اور معاونت حاصل کرنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
دوسری جانب پہلے سے ٹکٹ خریدنے والے مسافروں کے لیے بھی رقم کی واپسی کا معاملہ غیر یقینی ہوگیا ہے۔
دیوالیہ پن کے قانونی عمل کے تحت صارفین کو رقم واپس ملنے کی کوئی ضمانت نہیں جس سے بڑی تعداد میں مسافروں کو مالی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔