نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے صارفین بغیر آواز نکالے اور ہونٹ ہلائے اے آئی کو احکامات دے سکیں گے، چھوٹا سا آلہ منہ کے اندر نصب کیا جائے گا۔
کیا آپ تصور کر سکتے ہیں کہ آپ خاموش رہتے ہوئے بھی مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے بات کر سکیں اور وہ آپ کی ہدایات سمجھ کر ان پر عمل بھی کرے؟ سوئٹزرلینڈ کے سائنس دانوں نے اس تصور کو حقیقت کا روپ دینے کی جانب اہم قدم اٹھایا ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے معروف تحقیقی ادارے ای ٹی ایچ زیورخ کے ماہرین نے ایک جدید آلہ تیار کیا ہے جسے ’اِنویزی اسپیچ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی خاص بات یہ ہے کہ صارف کو اے آئی سے بات کرنے کے لیے نہ آواز نکالنے کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی ہونٹ ہلانے پڑیں گے۔
یہ انتہائی چھوٹا آلہ منہ کے اندر پچھلی داڑھ اور گال کے درمیان رکھا جاتا ہے۔ یہ زبان کی مدد سے الفاظ بنانے کے دوران پیدا ہونے والی معمولی جسمانی ارتعاشات کو محسوس کرتا ہے۔
اس کے بعد یہ سگنلز اسمارٹ فون کو منتقل کیے جاتے ہیں، جہاں محققین کا تیار کردہ اے آئی ماڈل ان کی تشریح کرکے صارف کی ہدایات کو سمجھتا ہے۔
اس طرح صارف بغیر آواز نکالے اے آئی اسسٹنٹ سے رابطہ کرسکتا ہے اور اسے مختلف احکامات دے سکتا ہے۔ اس منصوبے پر کام کرنے والی ڈاکٹریٹ کی طالبہ یجنگ جیانگ کے مطابق یہ آلہ اتنا چھوٹا ہے کہ اسے منہ کے اندر آسانی سے پہنا جا سکتا ہے۔
کن لوگوں کے لیے فائدہ مند ہوگا؟
اس ٹیکنالوجی سے خاص طور پر ایسے افراد کو فائدہ پہنچ سکتا ہے جو ایسی جگہوں پر اے آئی استعمال کرنا چاہتے ہیں جہاں بلند آواز میں بات کرنا ممکن نہ ہو۔ مثلاً سفر کے دوران، دفاتر، لائبریریوں یا عوامی مقامات پر صارفین دوسروں کو اپنی گفتگو سنائے بغیر اے آئی سے رابطہ کرسکیں گے۔
یہ ٹیکنالوجی مستقبل میں انسان اور مصنوعی ذہانت کے درمیان رابطے کا انداز تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جہاں خاموشی سے دی گئی ہدایات بھی اے آئی سمجھ سکے گی۔ یوں جو تصور اب تک سائنس فکشن فلموں میں دکھایا جاتا تھا، سائنس دان اسے عملی شکل دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔