دو کمروں کا چھوٹا سا فلیٹ ہی واکنگ ٹریک بن گیا، امبیکا ساگر نے روزانہ 20 ہزار قدم چل کر اپنا وزن 90 سے کم کرکے 76 کلوگرام تک پہنچا دیا۔
وزن کم کرنے کے لیے مہنگے جم، جدید مشینوں یا بڑے گھر کی ضرورت نہیں، بلکہ مستقل مزاجی اور روزانہ کی چھوٹی چھوٹی کوششیں بھی بڑی تبدیلی لا سکتی ہیں۔ اس کی مثال بھارتی فٹنس انفلوئنسر امبیکا ساگر ہیں، جنہوں نے اپنے دو کمروں کے فلیٹ میں چہل قدمی کرکے 14 کلوگرام وزن کم کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امبیکا ساگر نے روزانہ گھر کے اندر 20 ہزار قدم چلنے کو اپنے معمول کا حصہ بنایا۔ اس کوشش کے نتیجے میں ان کا وزن 90 کلوگرام سے کم ہوکر 76 کلوگرام رہ گیا۔
امبیکا نے اپنی اس تبدیلی کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں ان کی پرانی اور نئی تصاویر کا موازنہ بھی دکھایا گیا ہے۔
انہوں نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ ٹی شرٹ وہی پرانی ہے، لیکن اسے پہننے والی خاتون اب پہلے جیسی نہیں رہی۔ وزن میں کمی نے نہ صرف ان کی شخصیت بلکہ خود کو دیکھنے کا انداز بھی بدل دیا ہے۔
بغیر جم اور ٹریڈ مل کے کیسے کیا وزن کم؟
امبیکا ساگر کی کامیابی کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے وزن کم کرنے کے لیے نہ کسی مہنگے جم کا رخ کیا اور نہ ہی ٹریڈ مل یا کسی دوسری فٹنس مشین پر پیسے خرچ کیے۔
انہوں نے اپنے چھوٹے سے گھر میں ہی چلنے کے لیے جگہ بنائی اور روزانہ ہزاروں قدم چلنے کی عادت اپنائی۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ وزن میں کمی کا سارا کریڈٹ صرف واک کو نہیں دیا جاسکتا۔ متوازن غذا، کیلوریز میں کمی اور روزمرہ معمولات میں تبدیلی نے بھی اس سفر میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کے مطابق وزن کم کرنے کے لیے خود کو بھوکا رکھنا یا فوری نتائج دینے والے طریقے اپنانا ضروری نہیں۔ اصل کامیابی مستقل مزاجی اور اپنی کوشش جاری رکھنے میں ہے۔
امبیکا ساگر کی کہانی یہ پیغام دیتی ہے کہ فٹنس کے لیے مہنگے وسائل سے زیادہ اہم اپنی صحت کے لیے وقت نکالنا اور روزانہ کی بنیاد پر کوشش کرنا ہے۔ البتہ ہر شخص کی جسمانی ضروریات مختلف ہوتی ہیں، اس لیے وزن کم کرنے کا طریقہ بھی اپنی صحت اور جسمانی حالت کے مطابق اختیار کرنا چاہیے۔