امریکی فضائیہ کے اہم کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ’کلاؤڈ ون‘ پر سائبر حملے کا انکشاف ہوا ہے، تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ہیکرز نے کون سا ڈیٹا حاصل کیا یا کوئی حساس معلومات چوری بھی ہوئی ہیں یا نہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سائبر حملے کا پتا گزشتہ ایک ماہ کے دوران اس وقت چلا جب سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لیے معمول کی کارروائیاں کی جا رہی تھیں۔
واقعے سے واقف 2 افراد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس حملے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم، ہیکرز کی شناخت اور حملے کے مکمل طریقہ کار سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
امریکی فضائیہ نے رائٹرز کو دیے گئے بیان میں کہا کہ وہ مخصوص نیٹ ورکس اور سسٹمز کی سیکیورٹی، ممکنہ کمزوریوں یا آپریشنل صورتحال پر تبصرہ نہیں کرتی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ محکمہ فضائیہ اپنے ڈیٹا، سسٹمز اور آپریشنل صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کرتا رہتا ہے۔
کلاؤڈ ون امریکی فضائیہ کا بنیادی کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ہے، جو مائیکروسافٹ، اوریکل، ایمازون اور الفابیٹ کی کلاؤڈ سروسز کو یکجا کرکے مختلف آئی ٹی آپریشنز چلاتا ہے۔
اس پلیٹ فارم کے ذریعے فوجی اہلکاروں کے ڈیٹا، لاجسٹکس، مواصلاتی نظام اور فوجی آلات کی دیکھ بھال سے متعلق امور کا انتظام کیا جاتا ہے۔
کیا حساس فوجی معلومات خطرے میں ہیں؟
چونکہ کلاؤڈ ون امریکی فضائیہ کے اہم ڈیجیٹل نظاموں میں شامل ہے، اس لیے اس پر سائبر حملے نے سیکیورٹی سے متعلق خدشات پیدا کر دیے ہیں۔
تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ حملے کے نتیجے میں کون سا ڈیٹا متاثر ہوا، آیا ہیکرز کسی حساس معلومات تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے یا نہیں، اور اس واقعے سے امریکی فضائیہ کے آپریشنز پر کوئی اثر پڑا ہے یا نہیں۔ حملے کی مکمل تحقیقات اور تفصیلات سامنے آنے کے بعد ہی اس کے اصل دائرہ کار اور ممکنہ نقصانات کا اندازہ لگایا جا سکے گا۔