افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ میں ایک اسکول کے قریب بارودی مواد کے ذخیرے میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 10 طلبہ جاں بحق جبکہ 97 سے 110 افراد زخمی ہوگئے۔
دھماکا پاکستان سے متصل افغان صوبے کنڑ کے دارالحکومت اسعد آباد کے علاقے اندر سیر میں پیش آیا۔ مقامی حکام اور طالبان ترجمانوں کے مطابق دھماکا اسکول کے قریب کان کنی کے لیے استعمال ہونے والے بارودی مواد کے ذخیرے میں ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارودی مواد اسکول کے قریب ایک رہائشی عمارت یا گودام میں ذخیرہ کیا گیا تھا، جس کے باعث حفاظتی انتظامات اور متعلقہ ضوابط پر عملدرآمد کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔
طالبان کی وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا اسکول کے قریب کان کنی کی کمپنیوں کے بارودی مواد کے گودام میں ہوا، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
کنڑ کے صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ مولوی سمیع الحق حق بیان نے بھی تصدیق کی کہ دھماکے میں پھٹنے والا بارودی مواد کان کنی کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
صوبائی اسپتال اور پولیس حکام کے مطابق درجنوں زخمیوں کو مختلف مقامی طبی مراکز میں علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
واقعے نے افغانستان کے مشرقی سرحدی صوبوں میں خطرناک بارودی مواد کے غیر منظم ذخائر، کان کنی کی سرگرمیوں کی ناکافی نگرانی اور حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی حتمی تعداد کا تعین تاحال نہیں ہوسکا، جبکہ مقامی حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ ایک فعال تعلیمی ادارے کے قریب اتنی بڑی مقدار میں بارودی مواد کیسے ذخیرہ کیا گیا۔
